ہمارا قومی ترانہ ہمیں اتفاق

ہمارا قومی ترانہ ہمیں اتفاق و اتحاد کا درس دیتا ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

ویب ڈیسک: جشن آزادی پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہمارا قومی ترانہ ہمیں اتفاق و اتحاد کا درس دیتا ہے، قوم کی نظریں نوجوان نسل پر لگی ہوئی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں یوم آزادی کی مرکزی تقریب سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوئی، اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شریک ہوئے۔
ان کے ہمراہ تقریب میں صوبائی کابینہ اراکین، ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز اور دیگر سرکاری حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اس موقع پر پرچم کشائی کی اور 77 ویں سالگرہ کا کیک کاٹا، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے بھی سلامی پیش کی۔

وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے یوم آزادی کے موقع پر سول سیکرٹریٹ میں یاد گار شہداء پر حاضری دی۔
یاد رہے کہ اس دوران علی امین گنڈاپور نے یوم آزادی کے موقع پر سول سیکرٹریٹ میں پودا بھی لگایا۔
وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے اس موقع پر کہا کہ میں دنیا کے کسی بھی کونے میں بسنے والے ہر پاکستانی کو اس پرمسرت دن پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے لیڈر جو ہمارے لیے جیل میں قید ہیں کو بھی خصوصی طور پر مبارکباد پیش کرتا ہوں جبکہ ملک کے آئین شکن مبارکباد کے مستحق نہیں۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مفکر پاکستان ڈاکٹر محمد علامہ اقبال نے خواب دیکھا، بڑا کام وہی کرتے ہیں جو بڑا خواب دیکھتے ہیں، ہمارا قومی ترانہ ہمیں اتفاق و اتحاد کا درس دیتا ہے، یہ اتفاق و اتحاد ہی ہے جس سے قومیں بنتی اور اگے بڑھتی ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ ہم عوام کے ووٹ سے آئے ہیں اور ہم نےعوام کا پیسہ عوام پر خرچ کرنا ہے، ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت سیاسی قیادت اور سرکاری حکام نے مل کر کرنی ہے۔ عوام کے ٹیکس کے پیسے امانت سمجھ کر خرچ کرنے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ہم پر بڑی ذمہ داری عائد ہے اور اس ذمہ کو بطریق احسن نبھانا ہے، نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے اپے خصوصی پیغام میں کہا کہ نوجوان نسل سے قوم کی بڑی امیدیں ہیں، ان امیدوں پر پورا اترنے کے لیے پہلی شرط ایمانداری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معاشرے کی ترقی کیلئے ہر فرد پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ایک دوسرے کا دست و بازو بنیں، کیونکہ یہ اتفاق و اتحاد ہی ہے جس سے قومیں بنتی ہیں۔

مزید پڑھیں:  علی امین گنڈاپور جان بوجھ کر لاہور اور اسلام آباد جلسے میں نہیں پہنچے، فیصل کریم