سٹیل ملز بند کرنے کی مخالفت

قائمہ کمیٹی نے سٹیل ملز بند کرنے کی مخالفت کردی ،بحالی کی ہدایت

ویب ڈیسک: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی صنعت وپیداوار نے سٹیل ملز بند کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے ایس آئی ایف سی کے فیصلے کے برعکس پاکستان اسٹیل ملز کی بحالی کی ہدایت کردی۔
کمیٹی کا اجلاس سید حفیظ الدین کی زیر صدارت ہوا جس میں ارکان نے بعض گروپوں کی جانب سے سٹیل ملز اراضی ہتھیانے کی کوششوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔
کمیٹی نے پاکستان اسٹیل ملز کو مستقل بنیادوں پر بند کرنے کے فیصلے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے بحالی کیلئے ایم این اے ناز بلوچ کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دیدی۔
ناز بلوچ کی سربراہی میں کمیٹی ملز کے انتظامی اور مالیاتی امور حل کرنے کیلئے تجاویز مرتب کرے گی ۔
کمیٹی نے اسٹیل ملزکی بحالی یقینی بنانے اور قومی معیشت میں کردارکے عزم کا اظہار کیا جب کہ کمیٹی نے اسٹیل ملز کا دورہ کرنے اور ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیاہے۔
ناز بلوچ ذیلی کمیٹی کی کنوینر ہونگی اور ارکان میں عبدالحکیم بلوچ ، محمد ارشد ساہی اور ڈاکٹر مکیش کمہار مالانی شامل ہیں۔
ذیلی کمیٹی اسٹیل ملز کے انتظامی اور مالیاتی امور کو حل کرنے کیلئے تجاویز، ملازمین کے مسائل کے ساتھ اسٹیل ملز کو آپریشنل کرنے کے حوالے سے لائحہ عمل مرتب کریگی۔

مزید پڑھیں:  سیالکوٹ میں گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ ،7افراد جاں بحق