دراندازی کی کوشش ناکام

پاک افغان بارڈر پر دراندازی کی کوشش ناکام، 5خوارج ہلاک، 3جوان شہید

ویب ڈیسک: سیکورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ میں پاک افغان بارڈرپر دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5خوارج کو ہلاک اور 4کو زخمی کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق 18اور 19اگست کی درمیانی رات ضلع باجوڑ کی حدود میں پاکستان افغانستان سرحد پر دراندازی کرنے کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت کو سکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے ناکام بنادیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 5خوارج ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3بہادر جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
شہید ہونے والوں میں نائیک عنایت خان، لانس نائیک عمرحیات اور سپاہی وقار خان شامل ہیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان مستقل افغان حکومت سے کہتا رہا ہے سرحد کے اطراف مثربارڈر منیجمنٹ یقینی بنائے لہذا امید ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر فوجیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا :اسمبلی اجلاس میں بجلی کی آنکھ مچولی،ایوان اندھیرے میں ڈوب گیا