وزیر توانائی کا اعتراف

وزیر توانائی کا خطے میں مہنگی ترین بجلی پیدا کرنے کا اعتراف

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے خطے میں مہنگی ترین بجلی پیدا کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں۔
اسلام آباد میں یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اویس لغاری کا کہنا تھا کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات ناگزیر ہیں،2 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ برداشت کر لیں تو 50 ارب کا فائدہ ہوگا۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ 29 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی ضرورت ہے، توانائی کے بحران پر قابو پانے کیلئے اقدامات جاری ہیں۔
اویس لغاری نے مزید کہا کہ کوئی شک نہیں کہ خطے میں سب سے مہنگی بجلی پیدا کر رہے ہیں، ڈالر کی وجہ سے کیپسٹی پیمنٹ بڑھ کر 18 روپے ہوگئی ہے، بجلی کی اوسط قیمت 44 روپے فی یونٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں انٹرنیشنل مارکیٹ میں کوئی بجلی گھر لگانے نہیں دے رہا تھا، ہمارے چین جیسے دوست نے آکر آئی پی پیز لگانے میں مدد کی۔
انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کا مسئلہ ذمہ دار ہاتھوں میں ہے، ٹاسک فورس بنا دی ہے، ہم آئی پی پیز پر مل کر کام کر رہے ہیں، آئندہ چند ماہ میں آئی پی پیز کے حوالے سے خوشخبری دیں گے۔
اویس لغاری نے کہا کہ اس وقت بہت سارے انڈسٹری والے اپنی ملوں کو چلانے کیلئے گیس خرید رہے ہیں۔
دنیا میں سب سے زیادہ گیس کو ضائع کرنے والا طریقہ کھانا بنانا، پانی گرم کرنا اور ہیٹر چلانا ہے، سردیوں میں حکومت عوام کو فائدہ مند پیکیج دے گی۔

مزید پڑھیں:  ٹک ٹاک ایک اورزندگی نگل گیا،صوابی میں بھائی کے ہاتھوں بہن قتل