سائبر حملوں کا خدشہ

خیبر پختونخوا :سرکاری افسران کے زیر استعمال الیکٹرانک ڈیوائسز پر سائبر حملوں کا خدشہ

ویب ڈیسک: خیبر پختونخوا میں سرکاری افسران کے زیر استعمال الیکٹرانک ڈیوائسز پر سائبر حملوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے اس سلسلے میں سرکاری افسران کیلئے ایڈوائزری جاری کردی جس کے مطابق واٹس ایپ نمبرز اور فشنگ ای میلز کے ذریعے الیکٹرانک آلات اور کمپیوٹرز پر سائبر حملوں کا خدشہ ہے۔
سائبر حملہ آور الیکٹرانک آلات تک رسائی کے لئے مختلف واٹس ایپ نمبرز اور فشنگ ای میلز استعمال کررہے ہیں۔
صوبائی محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ سائبر حملہ آور مختلف نمبرز سے واٹس ایپ کے ذریعے آر اے آر فارمیٹ میں ریموٹ ایکسس ٹولز بھیج رہے ہیں، تمام سرکاری افسران ایڈوائزری میں دیے گئے نمبرز سے آنے والے فائلز سسٹم میں ڈان لوڈ کرنے سے گریز کریں۔
صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے ایس ایم بی آر، آئی جی پولیس، سیکرٹریزاور ڈویژنل کمشنرز کو ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے ۔
رجسٹرار پشاور ہائی کورٹ اور آئی جی جیل خانہ جات سمیت دیگر اداروں کے سربراہان کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پرنسپل سیکرٹری ٹو چیف منسٹر، پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر کو بھی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے، محکمہ داخلہ نے تمام محکموں کے افسران کو ماتحت افسران کے ساتھ ایڈوائزری شیئر کرنے کی ہدایت بھی دی ہے۔

مزید پڑھیں:  شہبازشریف کی دعوت پر ملائشین وزیراعظم کا پاکستان آنے کافیصلہ