آئی ایم ایف سے بات ہوسکتی

بجلی بلوں پرسبسڈی، آئی ایم ایف سے بات ہوسکتی ہے، عظمیٰ بخاری

ویب ڈیسک: صوبہ پنجاب کی وزیرِاطلاعات عظمیٰ بخاری نے عالمی مالیاتی فنڈ کے بجلی بلوں پر سبسڈی پر اعتراض کے حوالے سے کہا ہے کہ بجلی بلوں پرسبسڈی عارضی ہے، جو دو ماہ کیلئے دی گئی ہے، پھر بھی اگر اعتراض ہو تو آئی ایم ایف سے بات ہوسکتی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ بجلی بلوں پر سبسڈی پر آئی ایم ایف کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے۔
آئی ایم ایف کے تحفظات پر عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بجلی کے بلوں پر ٹارگٹڈ سبسڈی ہے، بجلی کے بلوں پر دو ماہ کا عارضی ریلیف دیا گیا تھا لیکن سیاسی مخالفین سیاسی دکان چمکانے سے باز نہیں آتے۔
یاد رہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کو 14 روپے فی یونٹ ریلیف دیا گیا تھا جس کے ساتھ یہ بھی کہا گیا تھا کہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو یہ سہولت نہیں ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب کے بجلی کی قیمتوں میں ریلیف کے اقدامات کو سراہا تھا جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے بھی اسے نواز شریف کی عوام دوست پالیسی قرار دیا تھا۔
اب ان اقدامات کے حوالے سے آئی ایم ایف نے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور فوری طور پر بجلی پر دی جانیوالی سبسڈی ختم کرنے کا کہا ہے، اس کے ساتھ ہی عالمی مالیاتی ادارے نے ایگزیکٹو بورڈ کے ستمبر کے مزید اجلاسوں کے کیلنڈر سمیت 9 اور 13 ستمبر کے اجلاسوں کا شیڈول جاری کر دیا جس میں پاکستان کا ایجنڈا شامل نہیں ہے۔
آئی ایم ایف کے ان رہمارکس اور اقدامات سمیت تحفظات کو مدنظر رکھ کر صوبائِی وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ بجلی بلوں پرسبسڈی عارضی اور ٹارگٹڈ ہے جو صرف دو ماہ کیلئے دی گئی ہے اور اس سلسلے میں آئی ایم ایف سے بات ہوسکتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی ماہانہ 14 ہزار روپے قسط رکھی گئی ہے، قرض ادائیگی 7 سال میں ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز اپنی چھت اپنا گھر پروگرام لائیں، جبکہ 78ہزار سے زائد لوگ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کیلئے اپنی درخواستیں جمع کرا چکے ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اس پروگرام میں 2 لاکھ 40 ہزار کالز آ چکی ہیں۔ باقی صوبے وزیراعلیٰ مریم نواز کو کاپی کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ مریم نواز ہی ہیں جنہوں نے دیگر صوبوں کو یاد کرایا کہ روٹی کی قیمت کم کرنی چاہئے، ان کی ایئر ایمبولینس پر بھی تنقید کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کے بلوں پر 2 ماہ کا عارضی ریلیف دیا گیا، پنجاب میں ڈینگی کنٹرول ہے جبکہ سندھ میں ڈینگی مریضوں کی تعداد زیاد ہ ہے۔

مزید پڑھیں:  معاہدے کیخلاف ورزی پر جماعت اسلامی کے مظاہرے شروع