تمباکو نوشی نہ کرنے والوں میں بھی پھیپھڑوں کے کینسر کا انکشاف

ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ فضائی آلودگی میں موجود باریک ذرات ان خواتین میں پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں جنہوں نے کبھی تمباکو نوشی نہیں کی ہو۔
انٹرنیشنل ایسوسی ایشن فار دی سٹڈی آف لنگ کینسر (آئی اے ایس ایل سی) میں پیش کی جانے والی تحقیق کے مطابق گاڑی کے اور جلتی ہوئی لکڑی سے نکلنے والے دھوئیں کے چھوٹے ذرات سے پھیپھڑوں کے ٹیومر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
اگرچہ تمباکو نوشی پھیپھڑوں کے کینسر کے لئے سب سے بڑا خطرہ ہے، لیکن ایک اندازے کے مطابق ہر برس تقریباً 6000 ایسے افراد اس بیماری سے مرتے ہیں جنہوں نے کبھی تمباکو نوشی نہیں کی ہوتی۔
جہاں تمباکو نوشی کی شرح میں کمی کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے، وہیں کچھ مطالعات سے معلوم ہوتا ہے کہ نوجوان خواتین اور تمباکو نوشی نہ کرنے والوں میں اس بیماری کے کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے۔
2017 میں ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق 2008 سے 2014 کے درمیان برطانیہ میں کبھی تمباکو نوشی نہ کرنے والوں میں پھیپھڑوں کے کینسر کی شرح دُگنی ہوگئی تھی۔
امریکن کینسر سوسائٹی کی 2023 کی ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا کہ 35 سے 54 سال کی عمر کی خواتین میں اب اسی عمر کے مردوں کے مقابلے میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص زیادہ ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور کے مضافاتی علاقوں میں ڈینگی کے وار تیز‘ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
کیٹاگری میں : صحت