خسرہ و روبیلا مہم

انسداد خسرہ و روبیلا مہم، 7لاکھ سے زائد بچوں کوٹیکے لگ گئے

ویب ڈیسک(پشاور) صوبائی دارلحکومت پشاور میں بارہ روزہ انسداد خسرہ اور روبیلاکی قومی مہم جاری ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور کیپٹن (ر) خالد محمود کی زیر صدارت انسداد خسرہ اور روبیلا کی قومی مہم کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان،انتظامی افسران، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر فضل مولا، ڈپٹی ڈسٹرکٹ پولیو آفیسر ڈاکٹر نوید رشیداور ڈاکٹر سیف اللہ، پولیس،قومی و صوبائی ائی او سی کے نمائندوں،پی ایس آر اے کے نمائندے سمیت ڈبلیو ایچ اواور یونیسیف اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں جاری انسداد خسرہ اور روبیلا مہم کے حوالے سے تفصیل سے بات چیت کی گئی اور بتایا گیا کہ پشاور میں مہم کے دوران ابتک 7,14,947 بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچا کے ٹیکے لگائے جا چکے ہیں اور انتظامی افسران پشاور بھر میں محکمہ صحت کی ٹیموں کی نگرانی کرتے ہوئے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگا رہے ہیں اور مساجد میں بھی نمازیوں کو آگاہی دی جا رہی ہے کہ اپنے بچوں کو انسداد خسرہ اور روبیلا سے بچا کے ٹیکے لگائیں جبکہ انتظامی افسران نے پشاور کے مختلف علاقوں میں سکولوں کا دورہ کرتے ہوئے سکول انتظامیہ کو آگاہی دیتے ہوئے طلباء کو خسرہ اور روبیلا سے بچا کے ٹیکے لگانے کی ہدایت کی اور سکول انتظامیہ نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

مزید پڑھیں:  چین کی مدد سے پاکستان میں ایٹمی بجلی گھر بنانے کا منصوبہ تیار
مزید پڑھیں:  ہسپتالوں نے ادویات خریداری کےلئے مستقل بجٹ مانگ لیا

اس موقع پر مہم کے دوران اچھی کارکردگی پر ڈاکٹر شہزادی مروہ صدیقی کو تو صیفی سند بھی دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق انسداد خسرہ اور روبیلا کی جاری قومی مہم کے دوران پشاور کی 103 یونین کونسلوں میں نو ماہ سے پندرہ سال تک کے 23,36,000 بچوں کو انسداد خسرہ اور روبیلا ٹیکے لگائے جائیں گے جن میں سے 7 لاکھ سکولوں کے طلباء و طالبات اور 16,36,000 دیگر بچے شامل ہیں۔ مہم کے لیے 1509 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں محکمہ صحت کے مختلف مراکز میں 153 فکسڈ ٹیمیں اور 1356 آٹ ریچ ٹیمیں شامل ہیں جبکہ ان ٹیموں میں 103 میڈیکل افسران بھی شامل ہیں۔