کارخانو ایس ایس پلازہ سیل

کارخانو میں ٹیکس عدم ادائیگی پر ایس ایس پلازہ سیل، دکاندار متاثر

پشاور کے مصروف ترین تجارتی مرکز کارخانو مارکیٹ میں ٹیکسوں کے نفاذ اور مالکان کے ساتھ دکانداروں کی روزانہ کی تلخ کلامی نے کاروبار کو شدید متاثر کردیا ہے جبکہ ٹیکس ادائیگی نہ کئے جانے کے باعث کارخانو مارکیٹ کے پلازوں کی بندش بھی معمول بن گیا ہے ۔ پشاور کی کارخانو مارکیٹ میں سستا اور معیاری سامان ملنے کے باعث ملک بھر سے شہری خریداری کیلئے آتے تھے تاہم اب شہریوں کو اپنے اپنے علاقوں میں جس قیمت پر میسر ہے اب ٹیکسز عائد کرنے کے باعث کارخانو میں بھی تقریباً اسی قیمت پر سامان مل رہا ہے جس کے باعث خریداروں میں کمی آئی ہے ,اسی طرح گزشتہ روز کارخانو مارکیٹ میں ایس ایس پلازہ ٹیکس ادا نہ کرنے کے باعث سیل کردیا گیا جس کیخلاف دکاندار سراپا احتجاج ہیں دکانداروں کے مطابق پلازہ کے ٹیکس کے حوالے سے انہیں کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی ہے جبکہ مالکان ٹیکس ادائیگی نہیں کررہے ہیں جس کا تمام تر خمیازہ تاجروں کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ دکانداروں کے مطابق مالکان کرایہ اور تمام اخراجات وصول کررہے ہیں اب ٹیکس ادائیگی میں بھی وہ اپنا حصہ ڈالیں تاکہ دکانیں کھول کر وہ کاروبار کرسکیں جبکہ انہیں نے ٹیکس وصو ل کرنیوالے تمام اداروں سے بھی درخواست کی ہے کہ پلازہ سیل کرنے کی بجائے ٹیکس وصولی کا آسان طریقہ مرتب کریں جس سے تاجر پر بھی بوجھ نہ پڑے اور حکومت کو بھی ٹیکس کی وصولی ممکن ہوسکے۔

مزید پڑھیں:  عدالتی نظام درست کرنے کیلئے ملک میں آئینی عدالت ناگزیر ہے: بلاول