پیشہ ور گداگر گرفتار

پشاور کی انتظامیہ کی کارروائی،27 پیشہ ور گداگر گرفتار

کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کے احکامات پر محکمہ سوشل ویلفیئر نے گداگروں کے خلاف پشاور صدر میں کارروائی کرتے ہوئے27 پیشہ ور گداگروں کو گرفتارکرکے ان کو معاشرے کے مفید شہری بنا نے کیلئے دارالکفالہ منتقل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود کو کو گزشتہ روز پشاور صدر کے تاجروں کی جانب سے درخواست موصول ہوئی جس میں انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ پشاور صدر میں گداگروں کی وجہ سے ان کو اور ان کے گاہکوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے لہٰذا پشاور صدر میں خصوصی کاروائی کی جائے۔ درخواست پر فوری عملدرآمد کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر یونس آفریدی کو فوری کاروائی کرنے اور رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی جس پر انہوں نے مقامی تھانے کے ساتھ کارروائی کرتے ہوئے 27پیشہ ور گداگروں کو گرفتار کرلیا جن میں خواتین ، بچے اور خواجہ سراء شامل ہیں تمام گرفتار افراد کو دارالکفالہ منتقل کر دیا گیا جہاں پر ان کو مفید شہری بنانے کیلئے مختلف ہنر سکھائے جائیں گے ۔

مزید پڑھیں:  آئینی ترامیم پاس ہونے پر مارشل لا لگ جاتا، عمر ایوب