احساس راشن سٹورز رجسٹریشن میں مشکلات

حکومت کو احساس راشن سٹورز نظام کیلئے رجسٹریشن میں مشکلات

خیبر پختونخوا حکومت کو احساس راشن سٹورز نظام متعارف کرانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز نے کریانہ سٹورز کے تحفظات اور رجسٹریشن سے انکار سے صوبائی حکومت کو آگاہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق احساس راشن سٹورز رجسٹریشن کے عمل میں ہر یونین کونسل میں کم سے کم 20 کریانہ سٹورز کی رجسٹریشن کا ہدف ڈپٹی کمشنرز کو دیا گیا تھا جن سے غریب شہریوں کو سبسڈی پر اشیاء خوردونوش کی فراہمی کی جائے گی، اب تک صوبہ بھر میں ڈپٹی کمشنرز نے 11ہزار 977 کریانہ سٹورز کی رجسٹریشن مکمل کرلی ہے، ذرائع کے مطابق پروگرام سے متعلق آگاہی نہ ہونے کی وجہ سے بیشتر کریانہ سٹورز رجسٹریشن سے انکار کر رہے ہیں جبکہ دکانداروں کو اس حوالے سے تحفظات بھی ہیں، خیبرپختونخوا کے دور دراز علاقوں میں موبائل کے استعمال سے ناواقفیت اور انٹرنیٹ کی عدم فراہمی سے بھی مسائل پیدا ہو رہے ہیں، ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنرز کو صوبائی حکومت نے انٹرنیٹ سے محروم علاقوں میں متبادل لائحہ عمل وضع، دکانداروں کو پروگرام سے متعلق آگاہ کرنے اور ان کے تحفظات دور کرنے کیلئے خصوصی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے، صوبائی حکومت نے کریانہ سٹورز کی رجسٹریشن کے عمل میں تیزی لانے کیلئے ڈپٹی کمشنرز کو اقدامات اٹھانے کے احکامات بھی جاری کئے ہیں۔

مزید پڑھیں:  آئی ایم ایف مذاکرات میں چین کا تعاون قابل تحسین ہے، وزیراعظم