حکومت نے ڈینگی کیلئے ایکشن پلان

حکومت نے ڈینگی کے تدارک کیلئے ایکشن پلان تیار کرلیا

حکومت خیبر پختونخوا نے ڈینگی کے تدارک کیلئے ایکشن پلان تیار کرلیاہے۔ اس حوالے سے چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت ڈینگی ایکشن پلان 2022ء پر جمعہ کے روز اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سیکرٹری محکمہ صحت اور سیکرٹری محکمہ بلدیات، ڈائریکٹر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے متعلقہ اداروں کو ڈینگی تدارک کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے اور دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات کی۔ محکمہ صحت کے حکام نے اجلاس کو بتایا کہ صحت کا شعبہ تمام اضلاع کی انتظامیہ کے ساتھ مل کر بروقت اقدامات کو یقینی بنارہا ہے اور تمام اضلاع کو انسداد ڈینگی کا ضروری سامان فراہم کردیا گیا ہے۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ حکومت خیبر پختونخوا نے اس سال ڈینگی کی روک تھام کیلئے مربوط اور موثر منصوبہ بندی کی ہے۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے اجلاس میں ڈینگی کے تدارک کیلئے موثر انداز میں مہم چلانے کی ہدایت کی اور کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کی منظم انداز میں مانیٹرنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ڈینگی کے خاتمے کیلئے قائم صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر قائم سیٹ اپ کو ایکشن پلان کے مطابق فعال بنایا جائے اور اس کے لئے بہتر حکمت عملی ترتیب دی جائے اور ڈینگی سے متاثر ہونے والے علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے محکمہ بلدیات کو بھی ڈینگی سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں نکاسی آب کو درست کرنے سمیت دیگر ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایات کی۔

مزید پڑھیں:  مرحومین کے شناختی کارڈ پر جاری سمیں بلاک کرنے کا اعلان