انجینئرنگ یونیورسٹی کا سالانہ کانو وکیشن

انجینئرنگ یونیورسی کے کانووکیشن میں 960 طلبہ میں ڈگریاں تقسیم

انجینئرنگ یونیورسٹی کا سالانہ کانو وکیشن 2022گذشتہ روز منعقد ہوا۔تقریب میں 960طلباء اورطالبات کو بی ایس سی، ایم ایس سی اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں۔ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم ،پرو چانسلر یو ای ٹی کامران خان بنگش تھے جنہوں نے طلباء میں ڈگریاں اورگولڈ میڈلز تقسیم کئے۔کانوو کیشن میں 900بی ایس سی،48ایم ایس سی جبکہ18 پی ایچ ڈی کی ڈگریاں دی گئیں ۔بی ایس سی انجینئرنگ میں نمایا ں پوزیشن ہولڈر48طلبا وطالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔فاسٹ کیبل کی جانب سے شعبہ الیکٹریکل انجینئرنگ کے طلباء سردار عمر خطاب اور سید لقمان شاہ کو ٹاپ جی پی اے حاصل کرنے پر ایک ایک لاکھ روپے کیش انعام بھی دیا گیا۔صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم کامران خان بنگش نے اس موقع پر اپنے خطاب میں ڈگریاں لینے والے طلبائ،طالبات اور انکے والدین کو مبارکبا دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت یونیورسٹیوں کے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ اساتذہ اور طلباء کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور یونیورسٹیوں کو درپیش چیلنجز کو جلد حل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یو ای ٹی پشاور کے مالی مسائل کو حل کرنے کے لیے خیبرپختونخوا حکومت نے 40ملین روپے کی گرانٹ جاری کی ہے۔ انہوں نے گریجویٹس پر زور دیا کہ وہ ملک و قوم کی خدمت کیلئے بے حد محنت کریں۔ انہوں نے بتایا تجارت، صنعت کاری اور معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے حکومت خیبر پختونخوا نے 365 کلومیٹر طویل ڈیرہ اسماعیل خان پشاور موٹروے اور 81 کلومیٹر سوات موٹروے فیز II کی تعمیر کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔ یہ دونوں میگا پراجیکٹس تجارتی راہداری کے ساتھ ساتھ نوجوان انجینئرز کے لیے ملازمت کے نئے مواقع فراہم کریں گے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر افتخار حسین نے گریجویٹس اور ان کے والدین کوکامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہمارے ملک کا مستقبل اس بات پر منحصر ہے کہ ہم انہیں حقیقی چیلنجز کو سمجھنے کے لیے کس طرح تعلیم اور تربیت دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور میں آٹھ سنٹرز آف ایکسی لینس ہیں جن کے حقیقی نتائج اب روابط اور مشترکہ منصوبوں کی صورت میں نظر آ رہے ہیں۔ یو ای ٹی پشاور کو 300فیکلٹی ریسرچ پراجیکٹس سے نوازا گیا ہے۔ کانووکیشن میں پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی پرو وائس چانسلر،سینئر ڈین پروفیسر ڈاکٹر سحر نور ،پروفیسر ڈاکٹر امجد اللہ ،پروفیسر ڈاکٹر سراج اسلام ،ڈاکٹر خضر اعظم خان ، پروفیسر ڈاکٹر مصباح اللہ، ہارون خان سمیت دیگر فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں:  پشاور سے منشیات کی قطر سمگلنگ کی کوشش ناکام، مسافر کو گرفتار کرلیا گیا