فنڈزنہ ملنے سے قبائلی ٹی ایم ایزکے ملازمین کی تنخواہیں بند

فنڈزنہ ملنے سے قبائلی ٹی ایم ایزکے ملازمین کی تنخواہیں بند

ویب ڈیسک : محکمہ خزانہ خیبر پختونخوا کی جانب سے فنڈز کے عدم اجراء کے باعث قبائلی اضلاع کی ٹی ایم ایز کے ایک ہزار سے زائد ملازمین 8ماہ کی تنخواہوں سے محروم ہیں لوکل کونسل بورڈ کی جانب سے گرانٹ کی فراہمی کیلئے رواں برس تین مرتبہ تفصیلات ارسال کی گئیں تاہم محکمہ خزانہ نے اب تک فنڈز جاری نہیں کئے جس کے باعث ٹی ایم ایز بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
محکمہ بلدیات ذرائع کے مطابق اس وقت قبائلی کی دو ٹی ایم ایز خار اور صدہ میں ملازمین کو باقاعدگی سے تنخواہیں فراہم کی جا رہی ہیں تاہم باقی 23ٹی ایم ایز کی صورتحال انتہائی خراب ہے ٹی ایم ایز کے ایک ہزار سے زائد ملازمین نے اب کام کرنے بھی چھوڑ دیا ہے کئی ٹی ایم ایز میں 4سے 5جبکہ بیشتر میں گزشتہ 8ماہ سے تنخواہیں ادا نہیں کی جا سکی ہیں محکمہ بلدیات کے مطابق گزشتہ مالی سال ان ٹی ایم ایز کیلئے 28کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی جس میں دو کروڑ روپے جاری کئے گئے جبکہ رواں برس کی گرانٹ میں اب تک ایک پائی بھی جاری نہیں کی جا سکی ہے جس کے باعث ان ٹی ایم ایز کے بند ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے
ٹی ایم ایز کو چند لاکھ روپے ہر ماہ جاری اخراجات کیلئے جاری کئے جاتے ہیں جن سے ان کی عمارت کا کرایہ اور دیگر اخراجات بمشکل پورے ہوتے ہیں تاہم ملازمین کی تنخواہیں اس سے ادا نہیں کی جا سکیں کئی ملازمین نے دوسری جگہ کام کرنا شروع کردیا ہے اور ٹی ایم ایز دفاتر کو تالے لگانے کی نوبت آپہنچی ہے ۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل نے لبنان پر حملہ کردیا، 70 مقامات کو نشانہ بنایا گیا