فضل الٰہی گرفتار کرنے کا فیصلہ

فضل الٰہی کوگرفتارکرنے کا فیصلہ،ڈپٹی سپیکرکوآگاہ کردیاگیا

ویب ڈیسک : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پر وزیر آباد میں حملے کے بعد پشاور میں احتجاجی مظاہرہ کی قیادت کرنے والے رکن صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے بلدیات فضل الٰہی کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا پشاور پولیس نے فضل الٰہی کی گرفتاری سے متعلق ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی کو بھی آگاہ کر دیا ہے ۔ کیپیٹل سٹی پولیس پشاور کی جانب سے ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی کو ارسال مراسلے میں کہا گیا ہے کہ 3نومبر کو خیبر روڈ پر احتجاج کرنے والے نامعلوم افراد کیخلاف درج مقدمہ میں تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی احتجاج کا حصہ تھے اور قیادت کررہے تھے
پشاور کے شرقی پولیس سٹیشن میں درج مقدمہ نامزد رکن صوبائی اسمبلی فضل الٰہی کی گرفتاری کا فیصلہ کیا گیا ہے پشاور پولیس نے مراسلے میں کہا ہے کہ فضل الٰہی کی گرفتاری سے متعلق متعلقہ حکام کو آگاہ کردیا جائے اور انکی گرفتاری کیلئے معاملہ آگے بڑھایا جائے۔واضح رہے کہ 3نومبر کو عمران خان پر قاتلانہ حملے کے بعد پشاور سمیت ملک بھر میں پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کئے تھے پشاور میں مظاہرین احتجاج کرتے ہوئے خیبر روڈ پر واقعہ کور کمانڈر ہائوس کے سامنے پہنچ گئے جبکہ پولیس کی بکتر بند بھی اپنے قبضے میں لے لی تھی۔

مزید پڑھیں:  لاہور جلسے کیلئے وزیراعلیٰ متحرک، ہر حلقے سے 500کارکن لیجانے کی ہدایت