گوگل نے پاکستان میں رابطہ آفس کھولنے کا فیصلہ کر لیا

ویب ڈیسک :وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) امین الحق نے کہا ہے کہ عالمی سرچ انجن گوگل نے پاکستان میں رابطہ آفس کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔اس حوالے سے سید امین الحق نے کہا کہ گوگل آفس کا قیام پاکستانی صارفین کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہوگا، گوگل ایشیا پیسیفک نے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹریشن کروالی ہے، حکام سے رابطے جاری ہیں
دسمبر کے دوسرے ہفتے میں وفد کی پاکستان آمد متوقع ہے، گوگل وفد سے ملاقات میں پالیسیز، صارفین کے مسائل، حکومتی تعاون سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ گوگل آفس یوٹیوب سمیت گوگل کی تمام ایپلی کیشنز سے متعلق امور کی نگرانی کرے گا، گوگل ایڈورٹائزنگ سے متعلق معاملات پر صارفین کو فوری ریسپانس مل سکے گا، گوگل کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے بھرپور تعاون حاصل ہوگا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک نے بھی پاکستان میں اپنا رابطہ آفس کھولنے کا اصولی فیصلہ کرلیا ہے، امید ہے فیس بک بھی اس ضمن میں جلد ہی اپنا فیصلہ جاری کرے گا، پاکستان میں بین الاقوامی اداروں کے دفاتر کھولنے کیلئے وزارت آئی ٹی مسلسل ان ادراوں سے رابطے میں ہے۔

مزید پڑھیں:  مدینہ منورہ میں موسلادھار بارش ، مسجد نبوی میں پانی داخل ہوگیا