عوام قبضہ اورٹمبرمافیازمیں

عوام قبضہ اورٹمبرمافیازمیں گھر ے ہوئے ہیں،ہائی کورٹ

ویب ڈیسک :پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس قیصر رشید خان نے کہا ہے کہ عوام اس وقت مکمل طور پر مافیاز میں گھر ے ہوئے ہیں۔ کہیں پر قبضہ مافیا اور کہیں پر ٹمبر مافیا بنا ہوا ہے۔ ان مافیاز کے خلاف ایکشن لینا پڑ رہا ہے۔ ہزاروں سال پرانے درختوں کو بھی نہیں بخشا گیا۔ ہم کیسے لوگ ہیں جو اپنے وسائل کا احساس تک نہیں کرتے۔ پنج تیرتھ کا مندر بین الاقوامی شہرت رکھتا ہے مگر بدقسمتی سے رپورٹ کے مطابق اسے گندگی کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
چترال کے ہزاروں سال پرانے درختوں کی بے دریغ کٹائی کی گئی، مگر ہمیں احساس تک نہیں ہوا۔ فاضل چیف جسٹس نے یہ ریمارکس گزشتہ روز ڈاکٹر عدنان سمیت مختلف درخواست گزاروں کے کیسوں کی سماعت کے دوران دیئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سکندر حیات شاہ، ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر جاوید و متعلقہ افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔ عدالت کو بتایاگیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے چترال سے متعلق جو کمیٹی بنائی تھی اس نے 5 دسمبر سے 14 دسمبر تک کام کیا ہے اور اس حوالے سے کل ہی وہ کمیٹی پہنچی ہے جو اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔
ایڈیشنل پراسیکیوٹر جنرل نیب محمد علی نے عدالت کو بتایا کہ اس رپورٹ کے بعد وہ اور ڈسٹرکٹ فارسٹ آفیسر طارق شاہ اس کی دوبارہ انکوائری کے لئے جائیں گے تاکہ کہیں پر اگر کچھ رہ گیا ہو تو اس کی بھی نشاندہی کی جا سکے ۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ لوگ انتظار نہ کریں جیسے ہی رپورٹ مل جائے چلے جائیں کیونکہ اگر ایک بار برف باری ہو گئی تو پھر آپ کو شدید مشکلات کا سامنا ہوگا ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بعض ایسے جنگلات بھی کاٹے گئے ہیں جو چلغو ز ے کیلئے مشہور تھے، مگر اس طرف کسی نے توجہ نہیں دی۔
دوران سماعت پشاور ہائیکورٹ کے حکم پر بنج تیرتھ مندر کا دورہ کرنے والے علی گوہر درانی ایڈوکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ بدقسمتی سے پنج تیرتھ مندر متروکہ وقف املاک بورڈ کی ملکیت ہے جسے مکمل طور پر ایک گندگی کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ سارے راستوں میں گندگی کے ڈھیر پڑے ہوئے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں ۔ اگر وہ یہ تصویریں عدالتی فائل پر لے آتے ہیں تو اس سے ہماری بدنامی ہوگی، اس لئے اس پر انہوں نے تصویریں پیش نہیں کی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم مافیاز میں گھرے ہوئے ہیں، تخت بھائی میں 36 ہزار کنال زمین متروکہ وقف املاک کو دے دی اور کارکردگی اس کی صفر ہے۔
اس لئے یہ اہم نوعیت کے معاملات ہیں اس پر فوری سماعت کی ضرورت ہے۔ عدالت نے بعد ازاں مزید سماعت کل تک کے لئے ملتوی کرتے ہوئے متروکہ وقف املاک خیبر پختونخوا کے سربراہ کو طلب کرلیا ۔

مزید پڑھیں:  پشاور، پشتو گلوکارہ گل پانرا کے گھر میں گھسنے کی کوشش کرنیوالا شخص گرفتار