گیس کی عدم دستیابی سے درخت ٹمبر مافیا کے نشانے پر آگئے

ویب ڈیسک : ملک بھر میں سردی کی شدت بڑھنے اور گیس کی عدم دستیابی کے باعث لکڑیوں کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے جس کے باعث پشاور سمیت صوبہ بھر کے اہم مقامات پر درختوں کی کٹائی میں تیزی آگئی ہے حیات آباد پشاور میں کئی پرانے درخت بھی کاٹ دیئے گئے ہیں جبکہ فٹ پاتھ چوڑے کرنے کیلئے بھی درختوں کی کٹائی شروع کی گئی جس کو کمشنر پشاور نے فوری طور پر رکوا دیا تاہم پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے درخت ٹمبر مافیا کے نشانے پر ہیں۔ پاکستان کونسل آف آرکیٹیکٹس اینڈ ٹائون پلانرز ،انسٹی ٹیوٹ آرکیٹیکٹس آف پاکستان پشاور چیپٹر اورسرحد کنزرویشن نیٹ ورک کے مطابق خیبر پختونخوا ٹمبر مافیا کی گرفت میں ہے اور کئی اضلاع میں بہت سے پرانے درختوں اور قدرتی نباتات کو بے فکری سے اکھاڑ پھینکنے کے رجحان کی بھی خبریں سامنے آئی ہیں ۔
حیات آباد میں گرین بیلٹ میں مجوزہ پیدل چلنے والے راستے کیلئے راستہ ہموار کرنے کیلئے پی ڈی اے نے کئی درختوں کو اکھاڑ دیا ہے جس کے بعد کمشنر پشاور نے شکایات موصول ہونے پر درختوں کی کٹائی روک دی بہت سے بڑے دیسی پرانے درخت پشاور میں ٹمبر مافیا کا شکار ہو گئے ہیں، سرد موسم کی وجہ سے پاکستان بھر میں لکڑی کی بہت زیادہ مانگ ہے اور مبینہ طور پر ملک بھر میں لکڑی کو بطور ایندھن فراہم کرنے کیلئے درختوں کی کٹائی میں تیزی لائی جا رہی ہے ہر جگہ موجود ٹمبر مافیا شام کے اوقات میں کام کرتا ہے۔ سرحد کنزرویشن نیٹ ورک کے ارکان کی جانب سے حیات آباد کی یوسفزئی مارکیٹ میں ایک بڑے درخت کو کاٹے جانے کی ویڈیو بھی شیئر کی ہے ۔

مزید پڑھیں:  مشرق ٹی وی کی طرف سے آقائے دو جہاں کو ایک کھرب سے زائددرود پاک کا تحفہ