اسلام اباد : پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں دراندازی سے متعلق بھارتی الزام مسترد کردیا،
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کی جانب سے جاری اہم بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین فورسز اپنی ناکامیاں پاکستان کے سر نہ تھوپے، انہوں نے کہاکہ بھارتی افواج کنٹرول لائن پر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہیں، نام نہاد در اندازی اور لانچ پیڈ جیسے مضحکہ خیز بہانوں سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے ،
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کے 5 اگست کے غیرقانونی اقدامات کے بعد سے لاک ڈاؤن چل رہا ہے، کرونا وائرس کے باوجود کشمیری سخت پابندیوں کا شکار ہیں، کشمیریوں کے حقوق بھارتی قابض افواج نے سلب کررکھے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسپیشل پاورز ایکٹ جیسے کالے قوانین کی آڑ میں مظالم جاری ہیں، پاکستان انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا معاملہ عالمی فورم پر اٹھا رہا ہے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کے خلاف بھارتی بربریت اور مظالم کو اجاگر کیا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں حالیہ واقعات بھارتی تشدد اور جبر کا شاخسانہ ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی افواج کی سیکیورٹی کے باوجود دراندازی کے الزامات ناقابل قبول ہیں، کشمیری عوام کی مزاحمت کو دراندازی سے منسوب کرنا درست نہیں ،
اس سے قبل دفتر خارجہ نے منگل کو بھارت کے ایک اعلیٰ سفارتکار کو طلب کیا اور بھارت کی جانب سے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کا سخت احتجاج ریکارڈ کرایا۔ ان خلاف ورزیوں کے نتیجے میں چھ بے گناہ شہری شدید زخمی ہو گئے ہیں۔
قابض بھارتی فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر شہری آبادی والے علاقوں کو توپ خانے، بھاری مارٹر گولوں اور خود کار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنا رہی ہے۔