جی ٹی روڈپردوافرادکادن دیہاڑے قتل،ایک کی شناخت ہوگئی

ویب ڈیسک:پشاورجی ٹی روڈ پردن دیہاڑے گورنمنٹ سٹی سکول نمبر1 کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے دو افراد کو قتل کردیاجس میں ایک کی شناخت ہوگئی جبکہ دوسرا مقتول آخری اطلاعات تک شناخت نہیں ہوسکاتھا ۔تھانہ ہشتنگری پولیس کے مطابق گزشتہ روز جی ٹی روڈ پر واقع گو ر نمنٹ سکول نمبر1کے قریب گلی میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروںکی فائرنگ سے دو افراد شدید زخمی ہوگئے تھے
جنہیں تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے جبکہ نامعلوم مسلح افراد ارتکاب جرم کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے۔بعدازاں ایک مقتول کی شناخت انارگل سکنہ دلہ زاک روڈ سے ہوئی جس کے بھائی میراکبر کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جس نے پولیس کو بتایا کہ اسے معلوم نہیں کہ اس کے بھائی کو کس نے قتل کیا۔ پولیس کے مطابق دوسرے مقتول کی شناخت نہ ہوسکی اوروہ مقتول انارگل کے ساتھ تھا اور شبہ یہی ظاہر کیاجارہا ہے کہ وہ اس کا دوست تھا ۔ پولیس نے نعشوں کو تحویل میں لیکر پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے مردہ خانہ منتقل کردیا ۔
پولیس کی تفتیشی ٹیم نے کرائم سین سے فائر ہو نے والے 30بور کے پا نچ عدد خالی خول، خون کے نمو نے اور دیگر شواہد جمع کرلئے جبکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج پر بھی کام شروع کردیاہے جس کے ذریعے فائرنگ کرنے والوں کی شناخت ہوسکے گی۔

مزید پڑھیں:  مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن تذبذب کا شکار، آج پھر اجلاس ہوگا