کالعدم بی این اے

کالعدم بی این اے کا بانی اور انتہائی مطلوب دہشتگرد گلزار امام گرفتار

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کالعدم بلوچ نیشنل آرمی کے بانی اور انتہائی مطلوب دہشتگرد گلزار امام کو گرفتار کرلیا۔
ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس آپریشن میں ہائی ویلیو ٹارگٹ گلزار امام عرف شمبے کو گرفتار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمبے عسکریت پسند ہونے کے ساتھ کالعدم تنظیم بلوچ نیشنل آرمی کا بانی اور رہنما بھی رہا ہے، جو بلوچ ریپبلکن آرمی اور یونائیٹڈ بلوچ آرمی کے انضمام کے بعد وجود میں آئی تھی۔
کالعدم تنظیم بلوچستان نیشنل آرمی پنجگور اور نوشکی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تنصیبات پر حملوں سمیت پاکستان میں درجنوں پرتشدد دہشت گرد حملوں کی ذمے دار ہے۔ گلزار امام 2018ء تک بلوچ ریپبلکن آرمی میں براہمداغ بگٹی کے نائب کے طور پر بھی رہے۔
گلزار امام ’’بلوچ راجی آجوئی سانگر‘‘ (BRAS) کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرتا رہا اور اس کا آپریشنل سربراہ رہا جب کہ گلزار امام عرف شمبے کے افغانستان اور بھارت کے دورے بھی ریکارڈ پر ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ بھی اس کے روابط کی چھان بین کی جا رہی ہے۔ گلزار امام شمبے کی گرفتاری بی این اے کے ساتھ ساتھ دیگر عسکریت پسند گروپوں کے لیے بھی ایک سنگین دھچکا ہے، جو بلوچستان میں بڑی محنت اور قربانی کے بعد حاصل کیے گئے امن کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عسکریت پسند کی گرفتاری سے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے فورسز اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کی صلاحیت اور گمنام ہیروز کی عظیم قربانیوں کے ذریعے حاصل ہونے والی کامیابیاں اور عزم ظاہر ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں:  نان فائلر کی سم بلاک ہونے پر ایف بی آر اور ٹیلی کام آپریٹرز متفق