سپریم کورٹ

حکومت نے حکم نہیں مانا،نتائج واضح ہیں،سپریم کورٹ

ویب ڈیسک: پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کی عدم فراہمی پر سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل، گورنراسٹیٹ بینک ، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیا۔نوٹس میں کہا گیا کہ الیکشن کیلئے فنڈز کی فراہمی توہین عدالت کی کارروائی سے زیادہ اہم ہے، لیکن الیکشن کمیشن کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے فنڈز فراہم نہیں کئے جو عدالتی احکامات کی حکم عدولی ہے، جس کے نتائج قانون میں واضح ہیں۔ چیف جسٹس نے تمام افسران کو 14 اپریل کو چیمبر میں طلب کر لیا اور گورنراسٹیٹ بینک کو دستیاب وسائل سے متعلق تمام تفصیلات بھی ہمراہ لانے کا حکم دیا۔ عدالت نے سیکرٹری خزانہ کو بھی تمام ریکارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کرتے ہوئے استفسار کیا بتایا جائے کہ سپریم کورٹ نے احکامات پر عمل کیوں نہیں کیا گیا۔عدالت نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کو پنجاب اور خیبرپختونخوا انتخابات کے حوالے سے تمام ریکارڈ بھی فراہم کرنے کا حکم دیا۔علاوہ ازیںسپریم کورٹ آف پاکستان نے وفاقی حکومت کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کے اختیارات سے متعلق منظور کردہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 کے خلاف دائر درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔
سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023 کے خلاف دائر درخواستوں میں پارلیمنٹ سے منظور ترامیمی ایکٹ کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔عدالت عظمیٰ میں ایکٹ منظوری کے خلاف 4 درخواستیں دائر کی گئیں ہیں، 2 درخواستیں وکلا اور دو درخواستیں شہریوں کی جانب سے دائر کی گئی ہیں۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے بل کے خلاف دائر درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 8 رکنی لارجر بینچ تشکیل دے دیا جو آج جمعرات کو دن ساڑھے گیارہ بجے سماعت کرے گا۔
سپریم کورٹ کی جانب سے تشکیل کردہ 8 رکنی لارجر بینچ میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے علاوہ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ ملک، جسٹس اظہر حسن رضوی اور جسٹس شاہد وحید شامل ہیں۔ ملکی سیاست اورحکومت سے جڑے اس اہم کیس کے حوالے سے سب نظریں سپریم کورٹ پرلگ گئی ہیں اور8رکنی بنچ کی تشکیل کے بعداسلام آبادمیں ہلچل کی کیفیت ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں فائرنگ و حادثات، 4 افراد جاں بحق