مردان،شہری کولوٹ کرفرارہونے والاڈاکوپولیس مقابلہ میں ہلاک

ویب ڈیسک: شہر کے مصروف تجارتی مرکز بنک روڈ پر پولیس نے اسلحہ کی نوک پر شہری سے لاکھوں روپے زبردستی چھیننے کی واردات ناکام بنادی۔ پولیس سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرے کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایس پی آپریشن رو خان زیب نے ڈی ایس پی سٹی انعام جان اور ایس ایچ او مقدم خان کے ہمراہ میڈیا کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وقار علی شاہ نامی شخص بنک میں رقم جمع کرنے کیلئے جیسے ہی بنک کے قریب پہنچا اس دوران دو موٹرسائیکل سوار مسلح ڈاکو اس سے13 لاکھ 99 ہزار روپے کی نقدی زبردستی چھین کر فرار ہونے لگے۔ بازار میں سادہ کپڑوں میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں نے ڈاکوئوں کا تعاقب کیا جس پر ڈاکوئوں نے ان پر فائرنگ کردی۔ اس دوران ابابیل سکواڈ کے جوان وہاں پہنچ گئے ۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا۔
دوسرے ڈاکو کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس افسروں نے بتایا کہ ڈاکوئوں کا تعلق بین الاضلاعی جرائم پیشہ گروہ سے ہے۔ پولیس کے مطابق مارا گیا ڈاکو عبداللہ عرف امیر کا تعلق اکوڑہ خٹک نوشہرہ سے ہے جبکہ گرفتار ڈاکو یوسف علاقہ امبار صوابی کا رہائشی ہے۔ ڈی ایس پی انعام جان نے کہا کہ ڈاکو موٹرسائیکل پر آئے تھے اور انتہائی چالاک تھے۔ انہوں نے دو جوڑے کپڑے زیب تن کر رکھے تھے۔ ڈی ایس پی کے مطابق ایک ہفتہ قبل پاکستان چوک میں تاجر کی دکان میں ہونے والی تین لاکھ روپے کی ڈکیتی بھی ان ڈاکوں نے کی تھی۔

مزید پڑھیں:  پنجاب سے چوری شدہ بجلی کا سامان نوشہرہ سے برآمد