عید عمران خان کے ساتھ

پشاور سے 100کارکن عید عمران خان کے ساتھ منائیں گے

ویب ڈیسک: عیدالفطر پر زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کیلئے پی ٹی آئی نے اپنی حکمت عملی مرتب کرلی ہے ملک بھر سے کارکنان کی زمان پارک میں ڈیوٹی لگائی جائیگی جبکہ پشاور سے 100 نوجوان عید الفطر کے موقع پر زمان پارک میں عمران خان کے ساتھ عید منائیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عید کی چھٹیوں کے دوران حکومت کیجانب سے انکی گرفتاری کیلئے آپریشن کئے جانے کا امکان ہے اس حوالے سے ملک بھر سے پارٹی کارکنان اب اپنے قائد عمران خان کے ساتھ عید منائیں گے
پشاور کے حوالے سے مشرق ٹی وی کے پروگرام سنٹر پوائنٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی پشاور ریجن کے جنرل سیکرٹری کامران بنگش نے بتایا کہ اب تک پارٹی قیادت نے اس حوالے سے کوئی ہدایات جاری نہیں کی ہیں تاہم پارٹی تنظیم نے فیصلہ کیا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر پشاور سے 100نوجوان زمان پارک میں عید منائیں گے جن میں 60نوجوان پی ٹی آئی یوتھ ونگ سے لئے جائیں گے جبکہ 20افراد سابق ارکان اسمبلی کے ساتھ جائیں گے جبکہ باقی افراد پارٹی کے دیگر ونگز لائرز، لیبر اور ڈاکٹرز سے تعلق رکھیں گے ۔کامران بنگش کا کہنا تھا کہ حکومت سے خیر کی امید نہیں ہے وہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرچکی ہے اور وہ کسی بھی حد تک جا سکتی ہے تاہم پی ٹی آئی کے کارکنان اپنے قائد کے تحفظ کیلئے ہر لمحہ موجود رہیں گے ۔

مزید پڑھیں:  لاہورکا جلسہ روکا گیا توکارکن جیلیں بھر دیں گے، عمران خان