سوات، مشنری سکول کی وین پرفائرنگ، طالبہ جاں بحق، استانی سمیت 5 زخمی

ویب ڈیسک: سوات میں تھانہ منگلور کے سامنے مشنری سنگوٹہ پبلک سکول کی گاڑی پر پولیس اہلکار کی فائرنگ سے ایک بچی جاں بحق اور خاتون سمیت پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کرنے والے پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا گیا۔ ڈی پی او شفیع اللہ گنڈا پور کے مطابق سکول میں چھٹی کے بعد بچیاں اور اُستانیاں سکول کی پارکنگ میں گاڑی میں سوار ہوئیں
تو اس دوران وہاں ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکار عالم خان ولد حضرت عمر ساکن سلام پور سیدو شریف نے اچانک سکول وین پر فائرنگ کردی جس سے سات سالہ عائشہ موقع پر جاں بحق اور استانی ناہید، 18سالہ رحیبہ، 16 سالہ ایشال، 8 سالہ حورین اور 10 سالہ روما شدید زخمی ہوگئیں، جن کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ملزم کو موقع سے گرفتار کرلیا گیا اور اس سے تفتیش کے لئے خصوصی تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔ سنگوٹہ پبلک سکول ایک مشنری سکول ہے جو والئی سوات کے دور میں 1965ء میں تعمیر ہوا تھا۔
اس سکول میں نرسری سے کلاس دہم تک لڑکیوں کوبہت کم فیس پر معیاری تعلیم دی جاتی ہے۔ واقعے کے بعد سکول انتظامیہ نے آج بدھ کو سکول بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ تاہم دسویں جماعت کا امتحان شیڈول کے مطابق ہوگا۔

مزید پڑھیں:  ضلع بنوں میں ایک اور بچہ اغواء ، لواحقین کا احتجاج