4 افراد قتل

کوہاٹی اور بڈھ بیر میں فائرنگ، چچا بھتیجے سمیت 4 افراد قتل

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور میں گزشتہ روز خون کی ہولی کھیلی گئی، فائرنگ کے دو مختلف واقعات میں چچا بھتیجے سمیت 4 افراد قتل جبکہ 4 زخمی کر دیئے گئے ہیں۔ ٹیکسی ڈرائیور امتیاز ولد باچا خان سکنہ پشتہ خرہ پایان نے یکہ توت پولیس کو بتایا کہ گزشتہ روز وہ سہاج الدین اور اس کے بھتیجے شہریار کو پشتہ خرہ سے حاجی کیمپ اڈہ لے جا رہا تھا کہ راستہ میں سرکلر روڈ پر کوہاٹی چوک کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے اس کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سہاج الدین اپنے بھتیجے شہریار سمیت متعدد گولیاں لگنے سے موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ وہ خود شدید زخمی ہوگیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولین کی دشمنی چلی آرہی تھی تاہم آخری اطلاعات تک ورثاء کی جانب سے کسی پر کوئی دعویداری نہیں کی گئی۔ ادھر تھانہ بڈھ بیر کے علاقہ ماشو خیل میں حضرت علی اور حامد علی پسران امام علی اور اختر علی ولد غلام علی کا فریق دوم عمر زیب، عالم زیب پسران اورنگزیب اور حق نواز ولد سید خان ساکنان ماشو گگر کے ساتھ کسی بات پر جھگڑا ہو گیا جس کے بعد علاقہ معززین کی کوششوں سے ان میں راضی نامہ ہوگیا تاہم گزشتہ روز فریقین نے آمنا سامنا ہونے پر ایک دوسرے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں ایک فریق سے عمرزیب اور دوسرے فریق سے حامد علی متعدد گولیاں لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ واقعہ میں چار افراد زخمی بھی ہوگئے ہیں۔ پولیس نے زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا۔

مزید پڑھیں:  یو اے ای میں مزید بارشوں کی پشگوئی، شہریوں کو محتوط رہنے کی ہدایت