شہباز شریف ملبہ صاف کیا

15 ماہ میں 4 سال کی بربادیوں کا ملبہ صاف کیا، شہباز شریف

ویب ڈیسک: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے ملکی معاملات کو نگران حکومت کے حوالے کرنے کا اعلان کر دیا، انہوں نے کہا کہ اگست 2023 کو ہم معاملات نگران حکومت کے سپرد کر دیں گے، انہوں نے کہا کہ 15 ماہ میں 4 سال کی بربادیوں کا ملبہ صاف کیا، معیشت کی راہ میں بچھائی گئی تمام بارودی سرنگیں صاف کیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے ہمیں کچکول توڑ کر اپنے پیروں پر کھڑا ہونا ہے، ملکی معیشت کی بحالی کے لئے پلان تیار ہے، ہمیں اپنے ووٹ بینک کی نہیں سٹیٹ بینک کے ذخائر میں اضافے کی فکر تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عظیم دوست ممالک چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات کا دل سے شکر گزار ہوں، سرمایہ کاروں کا آہستہ آہستہ اعتماد بحال ہو رہا ہے، روپے کی قدر میں استحکام آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مقروض ہونا چھوڑ دیں، پوری قوم بھی اس بار پر متحد ہے کہ قرض کی زندگی نامنظور نامنظور، ان کا کہنا تھا کہ سوا سال کا یہ عرصہ نااُمیدی کے اندھیروں سے امید کی روشنی کی طرف ایک پرعزم سفر تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں یہ اپنی نوعیت کی واحد منتخب مخلوط حکومت ہے جو مختصر ترین مدت کے لیے قائم ہوئی اور جس نے پاکستان کی تاریخ کے بڑے چیلنجز اور مشکلات کا سامنا کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کاروباری اور سرمایہ کار برادری کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  نیا قرض پروگرام، آئی ایم ایف اور پاکستان کے مذاکرات آج شروع ہونگے