ٹی ٹی پی حملے

ٹی ٹی پی حملے، پاک فوج نے افغانستان کو موثر جوابی کارروائی کی وارننگ دیدی

ویب ڈیسک: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہیں ژوب میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے زخمی اہلکاروں کی عیادت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی مسلح افواج کو افغانستان میں ٹی ٹی پی کو دستیاب محفوظ پناہ گاہوں اور کارروائی کی آزادی پر شدید تحفظات ہیں، توقع ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی سرزمین کو کسی بھی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لئے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا ہے کہ دوحہ معاہدے میں کئے گئے وعدوں کے مطابق پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان شہریوں کی شمولیت پر تشویش ہے، اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس طرح کے حملے ناقابل برداشت ہیں اور پاکستان کی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے موثر جوابی کارروائی ہوگی، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن بلاامتیاز جاری رہے گا، اور مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گی۔
قبل ازیں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی آمد پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور نے ان کا استقبال کیا۔ سپہ سالار نے سی ایم ایچ میں زخمی جوانوں کی عیادت کی اور قوم کیلئے جوانوں کی خدمات اور عزم کو سراہا۔

مزید پڑھیں:  آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس کو اسلام آباد سے گرفتار