بجلی کا یونٹ 5 روپے

بجلی کا بڑا جھٹکا، یونٹ 5 روپے مہنگا

ویب ڈیسک: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری تھارٹی ( نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافہ کر دیا۔ اعلامیہ کے مطابق بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے سے فی یونٹ بنیادی ٹیرف 29 روپے 78 پیسے ہوجائیگا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف کا تعین سال 24-2023 کیلئے کیا گیا ہے، اس سے پہلے بجلی کا بنیادی ٹیرف 24 روپے 82 پیسے تھا۔ نیپرا کے مطابق بجلی کا بنیادی ٹیرف بڑھنے کی وجہ روپے کی قدر میں کمی ہے، بجلی کی فروخت میں کمی اور کپسیٹی ادائیگیاں بنیادی ٹیرف میں اضافے کی وجوہات ہیں۔ نیپرا نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے ریونیو کا تخمینہ 3281 ارب روپے متوقع ہے۔
بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کے متعلق نیپرا نے اپنا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا اور اس سلسلے میں حتمی نوٹیفیکیشن وفاقی حکومت جاری کرے گی جو کسی بھی وقت جاری ہوسکتا ہے۔ دوسری جانب حکومت کی جانب سے بنیادی ٹیرف میں اضافے کے بعد مختلف قسم کے تمام ٹیکسز ملا کر بجلی کا ایک یونٹ اوسطاً پچاس روپے سے تجاوز کرنے کا خدشہ ہے۔ اس وقت ملک بھر کیلئے بجلی کا بنیادی ٹیرف 24 روپے 82 پیسے ہے۔ گزشتہ مالی سال بجلی کا بنیادی ٹیرف 16 روپے 91 پیسے سے بڑھا کر 24 روپے 82 پیسے کیا گیا تھا۔ بنیادی ٹیرف سمیت اس وقت ملک میں بجلی کا ایک یونٹ اوسطاً تقریباً 45 روپے کا ہے۔

مزید پڑھیں:  پنجاب اسمبلی میں ہتک عزت بل منظورجھوٹی خبرپر30لاکھ ہرجانہ ہوگا