دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے

پنجاب اور اسلام آباد میں طوفانی بارشیں، دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 19 جاں بحق

ویب ڈیسک: اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور اور پسرورمیں شدید بارشوں کے دوران دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 3 بچوں سمیت 19 افراد جاں بحق ہوگئے، جڑاوں شہروں کے نشیبی علاقے زیرآب آگئے، جہاں امدادی کاموں کیلئے فوج کو طلب کر لیا گیا، دریائے جہلم اور چناب میں اونچے درجے کا سیلاب ہے، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کر دیا۔ راولپنڈی میں پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب زیر تعمیر انڈر پاس کے قریب دیوار گر گئی، حادثے میں 12 مزدورجاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام نے 12 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ادھر راولپنڈی کے محمدی ٹائون میں گھر کی دیوار گرنے کے نتیجے میں 11 سالہ بچی موقع پر جاں بحق ہوگئی۔
پولیس حکام کے مطابق گرنے والی دیوار زیر تعمیر انڈر پاس کی ہے، مزدور منصوبے پر کام کر رہے تھے، جاں بحق ہونے والے مزدور اپنے خیموں میں سو رہے تھے کہ شدید بارش کے دوران صبح سویرے قریبی دیوار خیموں پر آگری۔ ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کیا جاں ایک زخمی بھی دم توڑ گیا۔ لاہور میں کرنٹ لگنے سے 2 بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں کھمبے سے کرنٹ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، ہربنس پورہ میں سوئچ بورڈ سے 35 سالہ اعجاز ولد سلیمان کو کرنٹ لگا، مناواں کے علاقے قلندر پورہ میں کھمبے سے لگنے سے 30 سالہ جواد ولد اشرف جاں بحق ہوگیا۔ لاہور کے علاقے ڈیفنس اے میں 2 بچے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے، بچوں کو پانی میں نہاتے ہوئے بجلی کے کھمبے سے کرنٹ لگا جن کی شناخت 10 سالہ سیف اللہ اور 12 سالہ زبیر رفاقت کے ناموں سے ہوئی۔ دوسری جانب پسرور کے علاقے مرکال میں بھی کرنٹ لگنے سے ایک نوجوان جاں بحق ہو گیا۔ 18 سالہ حماد دھان کی فصل کو پانی لگا رہا تھا کہ اس دوران کرنٹ لگنے سے انتقال کر گیا۔ راولپنڈی میں طوفانی بارش سے نالہ لئی بپھر گیا۔ کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 19 فٹ جبکہ گوالمنڈی میں 18 فٹ تک جا پہنچی۔ فلڈ وارننگ بھی جاری کر دی گئی۔ نشیبی علاقوں جاوید کالونی، آریہ محلہ، ندیم کالونی میں بارش کا پانی داخل ہوگیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے فوج کو طلب کر لیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق نالہ لئی میں سیلابی ریلا گزر رہا ہے جو بغیر کسی رکاوٹ کے دریائے سواں میں میں جا رہا ہے، جس سے دریائے سواں میں بھی پانی کی سطح بلند ہونے لگی ہے۔ نالہ لئی میں سیلابی کیفیت کے خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے۔ آزاد کشمیر میں شدید بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی، وادی نیلم میں کئی رابطہ سڑکیں بند ہوگئی، مظفرآباد کے محلہ باغ میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا۔ کالج روڑ پر گھر اور دکانیں ڈوب گئیں۔

مزید پڑھیں:  غیر قانونی بھرتی کیس، چودھری پرویزالہیٰ کی درخواست ضمانت منظور