بارشوں کی پیشگوئی

خیبرپختونخوا میں بارشوں کی نئی لہر کل سے داخل ہونے کا امکان

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں مون سون بارشیں رواں ہفتے جاری رہنے کا امکان، محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے میں بارشوں کی نئی لہر کل سے داخل ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور تیز ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔ جاری ہونے والے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بالائی اضلاع میں لینڈسلائیڈنگ اورفلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
سوات، کوہستان، چترال، مانسہرہ، شانگلہ، دیر، ابیٹ آباد، خیبر اور تورغر میں تیز بارشوں کے ساتھ ساتھ فلیش فلڈنگ جبکہ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، ڈی آئی خان سمیت کئی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مراسلے میں ضلعی انتظامیہ کو چھوٹی بڑی ہر قسم مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئِی ہے اور ساتھ ہی برساتی نالوں کی نگرانی کا بھی کہا گیا ہے۔ مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ طوفان کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، کمزور تعمیرات، سائن اور بل بورڈز سے دور رہیں۔ ضلعی انتظامیہ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی کمیونٹیز کو ایڈوائزری کی ترسیل یقینی بنائیں اور جاری ہونے والے یہ تمام پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ سڑک کی بندش سے بچنے کے لیے متبادل راستے فراہم کئے جائیں جبکہ متعلقہ حکام بوقت ضرورت لوگوں کو محفوظ انتظار گاہوں میں منتقل کریں۔ سیاحوں کو موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔

مزید پڑھیں:  جمرود، گھریلو تنازعہ پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 2 زخمی