مون سون

مون سون بارشیں، ریسکیو 1122 کی امدادی کارروائیاں جاری

ویب ڈیسک: حالیہ مون سون بارشوں نے ملک بھر میں تباہی مچا رکھی ہے، صوبہ خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں جاری بارشوں سے کئی علاقے زیر آب اور کئی مقامات پر لینڈسلائِیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
ضلع ایبٹ آباد میں مانسہرہ روڈ، پی ایم اے روڈ، سپلائی اور حسن ٹاؤن کے مقام پر شدید بارش کی وجہ سے مختلف گاڑیاں پانی کی وجہ سے پھنس چکی ہیں۔ اس سلسلے میں ضلعی ایمرجنسی آفیسر محمد عارف خٹک کی ہدایت پر ریسکیو 1122 کی ڈیزاسٹر ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کر دیں اور پانی میں پھنسی 10 سے زائد گاڑیوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا جبکہ مانسہرہ روڈ پر پانی زیادہ ہونے کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔
ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق اس وقت ایوب میڈیکل کمپلیکس، بلال ٹاون، حسن ٹائون اور مانسہرہ روڈ، جھنگی، جب پل اور پی ایم اے روڈ میں شدید بارش کی وجہ سے دریائوں میں طغیانی اور پانی سڑکوں پر تیرنے لگا ہے جبکہ بعض مقامات پر پانی گھروں میں بھی داخل ہو گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ایوب میڈیکل کمپلیکس کی نیورو سرجری وارڈ میں بھِی پانی داخل ہو گیا ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو دیگر وارڈوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ اس واقع پر بھی ریسکیو 1122 نے کوئک رسپانس دیتے ہوئے امدادی کاروائیاں شروع کر رکھی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک مختلف مقامات پر 15 سے زائد لوگوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے ان افراد جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں جن کو موقع پر ابتدائی طبعی امداد فراہم کی گئی۔
ضلع ایبٹ آباد میں مانگل کے مقام پر تیز بارش اور طغیانی کی وجہ سے درخت روڈ میں گر گیا۔ اس واقعہ کی اطلاع پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ریسکیو ٹیم فوری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور پیشہ ورانہ مہارت سے درخت کو کاٹ کر روڈ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔

مزید پڑھیں:  پہلا ٹی 20: آئرلینڈ کا پاکستان کیخلاف فیلڈنگ کا فیصلہ