انوار الحق کاکڑ قانون کی حکمرانی

قانون کی حکمرانی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کریں گے، انوار الحق کاکڑ

ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ نہیں، ملک میں اقلیتوں کا تحفظ کیا جائیگا، حقوق نام پر نہیں کردار اور روئیے پر دیے جائیں گے، نگران وزیراعظم کا خطاب
ویب ڈیسک: نگران وفاقی کابینہ کا پہلا اجلاس زیر صدارت نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ منعقد ہوا جس میں کابینہ کے تمام اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی معاشی اور امن وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے نگران کابینہ کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان زرعی اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے، خصوصاً بلوچستان کے پاس بہترین معدنی ذخائر ہیں۔ ہم مقررہ مدت میں پاکستان کی ترقی کی بنیاد رکھنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے نگران کابینہ کی تعریف کرتے ہوئَے کہا کہ مجھے اپنی ٹیم پر فخر ہے، تمام وزراء تجربہ کار ہیں اس لئے میں امید کرتا ہوں کہ ملکی ترقی اور مسائل کے حل میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
نگران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ نہیں، اکثریت کا کام اقلیت کا تحفظ کرنا ہے، رول آف آرڈر سے ہی قانون کی حکمرانی ہے اور ہم قانون کی حکمرانی پر سمجھوتہ نہیں ہونے دیں گے، ملک میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائیگا، قدامت پسند رجحانات کی حوصلہ شکنی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مختلف مذاہب اور زبانوں کا حامل ملک ہے، مذہبی انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں، انصاف اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کسی سے ناانصافی نہیں ہوگی، ریاست اقلیتوں کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ نہیں ہے، انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ اکثریت کو اقلیت کا خیال رکھنا چاہیے۔ ملک میں اقلیتوں کا تحفظ کیا جائیگا، حقوق نام پر نہیں کردار اور روئیے پر دیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی مسائل کے حل، ملکی اور غیر ملکی سطح پر کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے بہترین اقدامات کرینگے۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، قائد اعظم اور علامہ اقبال کے وژن کے مطابق پاکستان کی ترقی کیلئے کردار ادا کرینگے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعلیٰ بجلی پر قبضہ کرنے کی بات نہ کریں،گورنر فیصل کنڈی