آج سے بارشوں کی پیش گوئی

شدید گرمی، متاثرہ اضلاع میں آج سے بارشوں کی پیش گوئی

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول پشاورمیں آج سے موسلادھار بارشیں شروع ہونے اور اس کے نتیجے میں ندی نالوں میں طغیانی اور دریائوں میں سیلاب کا خدشہ ظاہر کر دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج بدھ کے روز سے 27 اگست تک کے دوران ملک کے دوسرے حصوں کی طرح چترال، دیر، سوات، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، کوہاٹ، پشاور، مردان، صوابی اور نوشہرہ میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ کل 24 اگست جمعرات کے روزسے 26 اگست تک کے دوران ضلع کرم، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جس کے باعث خیبرپختونخوا کے مذکورہ علاقوں میں برساتی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوجائے گا۔ موسلادھار بارشوں کے باعث پشاور کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا بھی امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں زمینی کٹائو یا لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ بارشوں کے باعث حبس اور گرمی کی شدت میں کمی بھی متوقع ہے، تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی انتظامات کے طور پر الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی گئی ہے، گزشتہ روز شدید گرمی کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں:  پاکستان کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے آئی پی ایل میں شامل برطانوی کرکٹرز طلب