صارفین مقررہ تاریخ کے بعد بھی بھاری بل جمع کروانے سے انکاری

ویب ڈیسک: پشاور کے مختلف علاقوں میں مقررہ تاریخیں گزرنے کے بعد بھی صارفین نے بجلی کے بھاری بھر کم بل جمع نہیں کرائے ہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں صارفین نے بل کو اقساط پر تقسیم کر لیا ہے اور آئندہ کئی ماہ تک وہ اس بل کی ادائیگی کریںگے۔ ذرائع نے بتایا کہ ملک بھر میں بجلی کے بل جمع نہ کرانے کے بارے میں سول نافرمانی کی تحریک سے متاثر ہوکر صارفین بجلی بل جمع کرانے سے کترا رہے ہیں جس کی وجہ سے پیسکو کو شدید ترین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
ہزاروں روپے کے اضافی بل موصول ہونے کے بعد صارفین نے بل جمع کرانے سے انکار کیا ہے جبکہ تاجروں نے بھی بل جلاکر پیسکو کیلئے مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔ ان لوگوں کو حکومت کی جانب سے ریلیف کا انتظار ہے اور بل جمع نہیں کرائے جارہے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ بجلی کے بل جمع کرانے کے لئے پشاور کے مختلف سب ڈویژنز کی جانب سے ڈیڈ لائن ختم ہوگئی ہے جبکہ محاصل اس تناسب سے وصول نہیں ہوئے ۔ زیادہ تر لوگوں کے پاس بل کی ادائیگی کے لئے پیسے نہیں اس لئے بجلی کے بھاری بھر کم بل جمع کرانے کے بجائے اس کو قسطوں میں تقسیم کرنے کیلئے صبح سے دوپہر تک دفاتر میں رش جمع رہتا ہے۔
بیشتر صارفین نے اپنے بل اقساط میں کروا دئیے ہیں اس سلسلہ میں محاصل میں 60فیصد تک کمی کے بعد وزارت پانی و بجلی کو پیسکو کی جانب سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور اب تک جمع ہونے والے بجلی بلوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں ۔

مزید پڑھیں:  آڈیو لیکس کیس، بنچ پر اعتراض واپس لینے کی آئی بی کی درخواست خارج