مالاکنڈ میں سی ٹی ڈی کی اہم کارروائی، مطلوب دہشت گرد ہلاک

ویب ڈیسک: محکمہ انسداد دہشت گردی مالاکنڈ کی کامیاب کارروائی، مطلوب دہشت گرد ہلاک، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران سی ٹی ڈی کو پیپلز چوک مینگورہ سوات میں دو کانسٹیبلان کی ٹارگٹ کلنگ میں مطلوب دہشت گرد نیک محمد عرف نیکو ہلاک ہو گیا جبکہ اس کے قبضہ سے اسلحہ اور ہینڈ گرینیڈ برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ مینگورہ میں تعینات پولیس کانسٹیبلان اشرف علی اور عمرا خان کو 8جون کو بمقام پیپلز چوک مینگورہ سوات ڈیوٹی کے دوران شہید کیا گیا۔ واقعہ سے متعلق دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا جس پر تھانہ سی ٹی ڈی مالاکنڈ نے مختلف زاویوں پر تفتیش کا آغاز کیا۔ محکمہ انسداد دہشت گردی مالاکنڈ سوات کو خفیہ اطلاع ملی کہ نیک محمد عرف نیکو فضا گٹ مین روڈ پر موجود ہے جس پر سی ٹی ڈی مالاکنڈ ریجن نے ملزم کی گرفتاری کے لئے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن شروع کیا، اس موقع پر آمنا سامنا ہونے پر سرنڈر ہونے کی بجائے مشتبہ شخص نے فائرنگ شروع کر دی جس کے جواب میں پولیس نے بھی فائرنگ کر دی اس دوران فائرنگ تبادلہ میں دہشت گرد موٹر کار کے اندر ہلاک ہو گیا جبکہ پولیس نفری محفوظ رہی۔
ملزم کے قبضہ سے ایک ہینڈ گرینیڈ، ایک پستول 30 بورلوڈڈ، ایک سپیئر میگزین معہ چھ عدد کارتوس اور ایک عدد پاکستانی شناختی کارڈ بنام نیک محمد ولد محمد قیوم ساکن عثمان آباد بنڑ، مینگورہ سوات برآمد ہوا۔
ہلاک شدہ دہشت گرد پولیس کانسٹیبلان کی ٹارگٹ کلنگ ا ور رحیم آباد امانکوٹ سوات گریڈ سٹیشن پر حملے کے واقعات میں ملوث ہونے کے علاوہ دیگر سنگین جرائم میں بھی ملوث تھا اور ٹی ٹی پی سوات کا ایک اہم اور سرگرم رکن رہا تھا۔

مزید پڑھیں:  اورکزئی، تھانہ ڈبوری کے حوالات میں 60 سالہ شخص جاں بحق