کریک ڈاؤن

ڈالر اسمگلنگ کیخلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن، سیکڑوں افراد گرفتار

ڈالر کی بڑھتی قیمت و پاکستانی روپے کی بے قدری پر قابو پانے کے لیے وفاقی حکومت کی ہدایات پر ایف آئی اے نے کرنسی ایکسچینج کا غیرقانونی کاروبار کرنے والوں سمیت ہنڈی حوالہ، ڈالر اسمگلنگ، ڈالر ذخیرہ کرکے مصنوعی قلت پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف گھیرا مزید تنگ کر دیا ہے۔
ویب ڈیسک: حکام کے مطابق رواں سال جنوری سے لے کر ابتک ایف آئی اے نے کرنسی کے غیرقانونی کاروبار و ہنڈی حوالہ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون کے دوران ملک بھر میں مجموعی طور پر 257 چھاپے مار کر 361 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ ہنڈی حوالہ و کرنسی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار کرنیوالے ملزمان کے خلاف 250 مقدمات درج کئے گئے۔
ہنڈی حوالہ و کرنسی کا غیر قانونی کاروبار کرنے والے ملزمان کے خلاف 30 انکوائریاں بھی رجسٹرڈ کی گئیں، انکوائریز کے دوران الزامات ثابت ہونے پر 26 مزید مقدمات درج کئے گئے۔
کریک ڈاؤن کے دوران رواں سال جنوری سے ابتک مجموعی طور پر 4 لاکھ 78 ہزار 620 امریکن ڈالر برآمد کئے گئے جبکہ چھاپوں کے دوران 177 ملین روپے کی دیگر غیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی، جنوری سے جاری کریک ڈاون کے دوران مجموعی طور پر 3 بلین روپے سے زائد کی غیرملکی کرنسی برآمد ہوئی۔
اسی طرح ماہ اگست 2023 سے حوالہ ہنڈی و کرنسی ایکسچینج کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف مزید تیزی لائی گئی اور 15 اگست سے ابتک حوالہ ہنڈی و کرنسی کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 48 چھاپے مارے گئے، چھاپوں کے دوران 59 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ہنڈی حوالہ و کرنسی کا غیرقانونی دھندہ کرنے والوں کے خلاف 48 مقدمات درج کئے گئے جبکہ کرنسی کا غیر قانونی کاروبار کرنے و ہنڈی حوالہ والوں کے خلاف 11 انکوائریز بھی رجسڑڈ کی گئیں۔
انکوائریز میں الزامات ثابت ہونے پر 9 مزید مقدمات بھی درج کر لئے گئے، 15 اگست سے ابتک حوالہ ہنڈی و کرنسی کا غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاون کے دوران مجموعی طور پر 1 لاکھ6 ہزار 800 امریکن ڈالر برآمد کئے گئے۔
مجموعی طور پر 20 ملین روپے سے زائد کی دیگر غیرملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی جبکہ 15 اگست سے لیکر اب تک تقریباً 26 دنوں میں چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 150 ملین روپے سے زائد کی غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔
حکام کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ایف آئی اے کے زون و سرکلز کی سطح پر خصوصی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، چھاپہ مار ٹیمیں خفیہ اطلاع پر غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف چھاپے مار رہی ہیں، غیر ملکی کرنسی کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی اور ہنڈی حوالہ میں ملوث ڈیلروں کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
حکام کا مزید کہنا تھا کہ غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث ڈیلروں کا ڈیٹا مرتکب کر لیا گیا ہے اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے محسن حسن بٹ کی خصوصی ہدایات پر ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں جبکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں میں دیگر اداروں سے بھی معاونت لی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  باڑہ، سٹیل فیکٹری میں آتشزدگی، 6 مزدور جھلس کر زخمی