پشاور، خیبرپختونخوا میں سیاحوں کی آمد میں ریکارڈ اضافہ

گزشتہ نوماہ کے دوران 3ہزار369 غیرملکی سیاحوں سمیت مجموعی طورپر 1 کروڑ11 لاکھ 20ہزار 535 سیاح صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر سیر وتفریح کیلئے آئے۔
ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں سیاحوں کی آمد کی 9 ماہ کی مفصل رپورٹ جاری کر دی گئی۔ سیاحتی مقامات پر ملکی اورغیرملکی سیاحوں کی آمد پرمبنی رپورٹ جنوری2023 سے لیکر24 ستمبر2023پرمشتمل ہے۔ جاری ہونے والی دستاویز کے مطابق گزشتہ نوماہ کے دوران 3ہزار369 غیرملکی سیاحوں نے خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات کی سیر کی، مجموعی طورپر 1 کروڑ11 لاکھ 20ہزار 535 سیاح صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر سیر وتفریح کیلئے آئے۔
محکمہ سیاحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت امسال 22 لاکھ ساٹھ ہزار 899 سیاح زیادہ آئے ہیں، 282 غیرملکی جبکہ9 لاکھ 57ہزار 743ملکی سیاحوں نے سیروتفریح کیلئے دیر اپر، 386 غیرملکی سیاحوں جبکہ 26 لاکھ 94 ہزار 396 ملکی سیاحوں نے مالم جبہ کی سیر کی ہے۔
محکمہ سیاحت کی دستاویز کے مطابق 208 غیرملکی سیاح گلگت آئے جبکہ 34لاکھ 71ہزار 788ملکی سیاحوں نے گلگت کے دیگر پرفضاء مقامات کارخ کیا، 641 غیر ملکی سیاح چترال جبکہ 33ہزار249ملکی سیاحوں نے چترال اپر کی سیر کی ہے۔
دستاویز کے مطابق 1ہزار265غیرملکی سیاحوں جبکہ4لاکھ31ہزار383 ملکی سیاح چترال لوئر کا رخ کیا جہاں انہوں نے مختلف مقامات کی سیر کی جبکہ کاغان ناران میں 587 غیر ملکی جبکہ 35لاکھ31ہزار976 ملکی سیاح سیر وتفریح سے لطف اندوز ہوئے۔
ترجمان ٹورازم اتھارٹی کے مطابق خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی نے نئے مقامات پر کیمپنگ پاڈز نصب کئے ہیں، امسال سیاحوں کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، صوبے کے مختلف سیاحتی مقامات پر ٹورازم پولیس کے جوان ڈیوٹیاں سرانجام دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  مولانا سے مذاکرات جاری ہیں، جلد ہمارے شانہ بشانہ ہونگے، بیرسٹر گوہر