ناغے کے روز گوشت فروخت کرنے پر 12 قصائی اور ہوٹل مالکان گرفتار

ویب ڈیسک: ناغے کے روز گوشت کی فروخت پر کارروائی کرتے ہوئے محکمہ خوراک نے مزید 12 قصائی اور ہوٹل مالکان گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیئے۔
نگران صوبائی وزیر خوراک اور سیکرٹری محکمہ خوراک کی نگرانی میں کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے آج ناغے کے روز گوشت کی فروخت بارے شکایات موصول ہوئی تھیں جس پر اعلیٰ حکام کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی کی نگرانی میں تاج آباد، شیرپاؤ ہسپتال، جی ٹی روڈ، شعبہ بازار اور دیگر علاقوں میں چھاپے مارے گئے جہاں پر ناغے کے روز گوشت کی فروخت کی جا رہی تھی۔
محکمہ خوراک کے افسران نے اس پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مزید 12 افراد کو گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا۔ راشننگ فوڈ کنٹرولر پشاور جمشید آفریدی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے منگل اور بدھ کے روز گوشت کی فروخت پر مکمل طور پر پابندی ہے خلاف ورزی کرنیوالوں کیساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے حکام حکومتی احکامات پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل سعودیہ تعلقات سے مشرق وسطی کے تنازعات حل نہیں ہونگے، خامنہ ای