ورلڈ کپ، کیویز کو کینگروز کے ہاتھوں 5 رنز سے شکست

ویب ڈیسک: آئی سی سی ورلڈکپ 2023ء کے 27 ویں میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے مدمقابل نیوزی لینڈ کی ٹیم کو 5 رنز سے ہرا دیا۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی شہر دھرم شالا میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر کینگروز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ آسٹریلیا کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 388 رنز بنا کر کیویز کو 389 رنز کا ہدف دیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ نے اننگ کا آغاز کیا اور تیز رفتاری کے ساتھ 175 رنز بنا ڈالے، اس موقع پر ڈیوڈ وارنر 81 کے انفرادی سکور پر آوٹ ہوگئے۔
آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 200 کے مجموعی سکور پر ٹریوس ہیڈ کی گری جنہوں نے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔
دونوں اوپنرز کی جانب سے اچھا آغاز فراہم کرنے کے بعد ون ڈاون سے وکٹیں گرنا شروع ہو گئیں۔ سٹیو سمتھ 18 اور مچل مارش 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.
آسٹریلوی ٹیم کے نیچے نمبرز پر آنے والے بیٹرز زیادہ رنز نہ بنا سکے اور پوری ٹیم 49.2 اوورز میں 388 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ اور گلین فلپس نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جوابی اننگز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایا تاہم مقررہ 50 اوورز میں ہدف سے دور رہی اور 383 رنز تک محدود رہی۔ رچن رویندرا 116 جبکہ جیمز نیشام 58 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے۔
آسٹریلیا کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اب تک 6 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 4 میں اسے کامیابی جبکہ 2 میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے آئِی سی سی ورلڈ کپ کے جاری مقابلوں میں اب تک 6 میچز کھیلے ہیں جن میں اسے 4 میں کامیابی جبکہ 2 میں شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔

مزید پڑھیں:  مارگلہ پہاڑیوں میں 15 مقامات پر آگ بھڑک اٹھی، وزیر داخلہ کا تحقیقات کا حکم