ورلڈ کپ، 31 واں میچ جیتنے کیلئے ٹائیگرز کو 10 وکٹیں، پاکستان کو 205 رنز درکار

ویب ڈیسک: آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں پاکستان کو اہم چیلنج درپیش، فائنل فور میں شامل رہنے کیلئے بابر الیون کو بنگال ٹائیگرز کو ہرانا ہوگا۔ بھارتی شہر کلکتہ کے ایڈن گارڈن کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں قومی ٹیم کو بابر اعظم جبکہ بنگال ٹائیگرز کو شکیب الحسن لیڈ کررہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق ورلڈ کپ کے 31 ویں میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو جیت کیلئے 205 رنز کا ہدف دے دیا۔ میچ شروع ہوا تو شاہین آفریدی نے اپنے ابتدائی اوور میں ہی بنگلہ دیش کی اوپننگ جوڑی توڑ دالی اور تنزید حسن کو پویلین بھیج دیا جبکہ بنگال ٹائیگرز کی دوسری اہم وکٹ بھی شاہین ہی کے ہاتھ لگی، پاکستانی پیسر نے 6 رنز کے مجموعی سکور پر نجم الحسن کو بھی چلتا کیا۔ حارث رؤف نے مشفق الرحیم کی وکٹ اڑا کر اہم کامیابی حاصل کی۔
اس نقصان کے بعد مڈل آرڈر میں موجود بنگالی بلے باز لٹن داس اور محمود اللہ نے ٹیم کا سکور آگے بڑھایا مگر افتخار احمد نے 102 رنز کے مجموعی سکور پر لٹن داس کی وکٹ اڑا دی، انہوں نے 45 رنز بنا رکھے تھے۔ محمد اللہ 56 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی سیدھی ڈلیوری کا شکار ہو گئے۔
شکیب الحسن کی وکٹیں 43 کے انفرادی سکور پر حارث روف نے بکھیر دیں۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش کے 7 بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور محمد وسیم نے 3،3 جبکہ حارث نے 2 اور افتخار احمد اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ٹاس کے موقع پر قومی کپتان بابر اعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ہم ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کیخلاف میچ کیلئے سکواڈ میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، شاداب خان، امام الحق اور محمد نواز کی جگہ فخر زمان، سلمان علی آغا اور اسامہ میر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  پشاور، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس افسر شہید، راہگیر شدید زخمی