اسرائیلی جارحیت کے تسلسل پراقوام متحدہ کےاعلیٰ عہدیدارمستعفی

ویب ڈیسک: فلسطین میں اسرائیلی جارحیت روکنے میں ناکامی پرانسانی حقوق کمیشن کے نیویارک آفس کے سربراہ کریگ موخیبر بطور احتجاج مستعفی ہوگئے۔
کریگ موخیبر نے جنیوا میں ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے نام خط لکھا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ غزہ میں جو ہو رہا ہے وہ ہر لحاظ سے نسل کشی ہے۔
انہوں نے اپنے خط کے متن میں مزید لکھا ہے کہ فلسطین میں یورپی نسل پرستی کا آبادکاری منصوبہ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو گیا، منصوبہ یہ ہے کہ فلسطینی علاقوں میں آبائی فلسطینیوں کی باقیات کو جلد از جلد ختم کیا جائے۔
کریگ موخیبر نے مزید لکھا ہے کہ امریکا، برطانیہ اور بیشتر یورپی ممالک اِس خوفناک حملے میں برابر کے شریک ہیں، یہ حکومتیں اپنی ذمہ داریاں نبھانے سے انکاری ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ یہ حکومتیں اسرائیلی جارحیت کو مسلح کرنے میں فعال ہیں جبکہ اسرائیل کو معاشی اور انٹیلی جنس سپورٹ بھی فراہم کی جارہی ہے، یہ حکومتیں فلسطینی نسل کشی کا سیاسی و سفارتی جواز فراہم کرنے میں بھی فعال ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز برطانیہ میں فلسطین کے حق میں ریلی نکالی گئی جس کو انتہائی منفی نگاہوں سے دیکھا جانے لگا ہے۔

مزید پڑھیں:  عمران خان کو رہائی دے دینی چاہئے،مشاہد حسین سید