انوار الحق کاکڑ کی آذربائیجان کے صدر سے ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

ویب ڈیسک: نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں اقتصادی تعاون تنظیم کے 16 ویں سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علییوف سے ملاقات کی۔ اس دوران دوطرفہ تعلقات، تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے آذربائیجان ایئر لائن کے پاکستان کیلئے براہ راست فلائٹ آپریشن کے اعلان کا خیرمقدم کیا اور اسے کاروبار، سیاحت اور لوگوں کے درمیان تبادلوں کو بڑھانے کیلئے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ میں انسانی بحران اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے آذربائیجان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت بالخصوص قرہ باغ کے حوالے سے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا بھی اعادہ کیا۔
قبل ازیں وزیر اعظم جیسے ہی تاشقند کنونشن سینٹر پہنچے تو ازبکستان کے صدر شوکت مرزایوف نے ان کا استقبال کیا۔

مزید پڑھیں:  غزہ کی مکمل تعمیر نو میں 80 سال لگ سکتے ہیں، اقوام متحدہ