پشاور، مشیر صحت نے صحت کارڈ سہولیات بحال ہونے کی نوید سنا دی

ویب ڈیسک: مشیر صحت ڈاکٹر ریاض انور کی جانب سے صحت کارڈ کے حوالے سے مثبت اشارے دیئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ امید ہے دو سے تین ہفتوں میں صحت کارڈ کی تمام سہولیات بحال ہو جائیں گی۔
مشیرصحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر ریاض انور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحت کارڈ سے متعلق مالی طور پر مسائل ہیں، مرحوم نگران وزیراعلی اعظم خان نے صحت کارڈ پرعلاج کی یقین دہانی کرائی تھی، امید ہےکہ دو سے تین ہفتوں میں صحت کارڈ کی تمام سہولیات بحال ہو جائیں گی۔
مشیرصحت ڈاکٹر ریاض انور کا ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کے حوالے سے کہنا تھا کہ صوبے کے سات اضلاع میں ایم ڈی کیٹ منعقد ہوگا جس کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئےگئے ہیں۔
مشیر صحت کا کہنا تھا کہ 20 دسمبر کو خیبرانسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کا افتتاح ہونے جا رہا ہے، خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ وفاقی حکومت کا منصوبہ ہے۔
اس حوالے سے مشیرصحت کا مزید کہنا تھا کہ وفاقی حکومت سے فنڈز لینا آسان کام نہیں ہے، میری ترجیح نئے کے بجائے جاری منصوبوں پر توجہ دینا ہے۔

مزید پڑھیں:  نائیجر، امریکی فوج کے زیر استعمال ایئربیس روسی فوج کے ہاتھ لگ گیا