ایلون مسک کا ایکس کی کمائی غزہ کے ہسپتالوں کو دینے کا اعلان

ویب ڈیسک: ایلون مسک کا دبنگ فیصلہ، ایکس کی کمائی غزہ کے ہسپتالوں کو دینے کا اعلان کر دیا، سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس کے مالک ارب پتی ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ایکس جنگ زدہ غزہ کی پٹی اور اسرائیل کے ہسپتالوں میں اشتہارات اور سبسکرپشن سے حاصل ہونے والی آمدنی عطیہ کرے گا۔
یہ اقدام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل غزہ میں حماس کے خلاف جنگ جاری رکھے ہوئے ہے اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
اسرائیلی فوجیوں نے حال ہی میں فلسطینی انکلیو میں سب سے بڑے طبی مرکز الشفاء ہسپتال پر چھاپہ مارا تھا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہسپتال کو حماس کے کمانڈ سینٹر کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے تاہم گروپ اور ہسپتال کے عملے دونوں نے ان الزامات کی تردید کی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک نے اپنی ایکس پوسٹ میں لکھا کہ ایکس کارپوریشن غزہ میں جنگ سے متعلق اشتہارات اور سبسکرپشن سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی اسرائیل کے ہسپتالوں اور غزہ میں ریڈ کراس کو عطیہ کرے گی۔
ایک صارف نے مسک کے عطیات دینے کے فیصلے کی تعریف کی لیکن ان سے یہ بھی پوچھا کہ وہ اس بات کو کیسے یقینی بنائیں گے کہ یہ رقم حماس تک نہ پہنچے۔ مسک نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں نسل، مذہب یا کسی اور چیز سے قطع نظر بے گناہوں کا خیال رکھنا چاہیے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ڈزنی، ایپل اور آئی بی ایم سمیت متعدد کمپنیوں نے ایکس سے اپنے اشتہارات واپس لے لیے ہیں کیونکہ ان خدشات کا اظہار کیا گیا تھا کہ انہیں پلیٹ فارم پر نازی نواز مواد اور نفرت انگیز تقاریر کے ساتھ دکھایا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  سعودی عرب :رواں سال حاجیوں کیلئے اہم شرط عائد