15 ویں انڈین فلم فیسٹیول

15 ویں انڈین فلم فیسٹیول آف ملبورن اگست 2024ء میں منعقد ہوگا

ویب ڈیسک: 15 ویں انڈین فلم فیسٹیول آف ملبورن کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا۔ یاد رہے کہ یہ اعلان آسٹریلوی شہر وکٹوریہ کے گورنر اور پروفیسر مارگریٹ گارڈنر نے ممبئی میں آئی ایف ایف ایم اجلاس کے دوران کیا۔
اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں آئی ایف ایف ایم فیسٹیول کے ڈائریکٹر، معروف بھارتی و آسٹریلوی فلم ساز، سٹوڈیو سربراہان، فلمی ستاروں اور بالی ووڈ فلم انڈسٹری کے سٹیک ہولڈرز بھی موجود تھے۔ اس دوران فیسٹیول کی تاریخوں کا اعلان کیا گیا.
اعلان کردہ تاریخوں کے مطابق 15 ویں انڈین فلم فیسٹیول آف ملبورن اگلے سال اگست میں منعقد ہوگا، اس حوالے سے تاریخی تقریبات کے منصوبوں کی نقاب کشائی بھی کی گئی۔
آئِی ایف ایف ایم کی منعقدہ تقریب میں معروف بھارتی اداکارہ شبانہ اعظمی کو بھی ابتدائی ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ شبانہ اعظمی اپنی دلفریب اداکاری کی وجہ سے خاص مقام رکھتی ہیں انہوں نے 4 دہائیوں پر مشتمل کیریئر کے دوران پانچ قومی فلم ایوارڈ سمیت متعدد اعزازات پائے۔
اس موقع پر شبانہ اعظمی نے کہا کہ میں اس تقریب میں شرکت اور ایوارڈ ملنے پر مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ مانا جاتا ہے کہ یہ اداکار ہی ہے جسے بہترین پرفارمنس پر ایوارڈ دیا جاتا ہے اور اسی کی وجہ سے فلم ہٹ ہو جایا کرتی ہے لیکن ہمیں ماننا ہوگا کہ اس اداکار اور کیمرے کے پیچھے موجود لوگ ہی ہیں جو اس اداکار کو ٹاپ سٹار بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسی لئے میں کیمرے کے پیچھے موجود تمام سٹاف کا شکریہ ادا کرتی ہوں اور اس ایوارڈ کی اصل حقدار بھی انہیں ہی تصور کرتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں گورنر وکٹوریہ اور آئِی ایف ایف ایم کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھے ایکسی لینس ایوارڈ سے نوازا۔

مزید پڑھیں:  یونیورسٹی کیمپس پشاور کے اندر روٹی کی قیمت میں کمی کردی گئی