نوٹیفکیشن معطل

پشاور ہائیکورٹ:واپڈا افسران کی مفت بجلی خاتمے کا نوٹیفکیشن معطل

ویب ڈیسک :پشاور ہائیکورٹ نے واپڈا اور ڈسکوز افسران کی مفت بجلی کے خاتمے کا حکومتی نوٹیفکیشن معطل کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق نگران کابینہ نے واپڈا اور ڈسکوز افسران کو فری بجلی کے خاتمے کا فیصلہ کیا تھا جسے وزارت توانائی نے اپنے 5 دسمبر والے نوٹیفکیشن کے ذریعے نافذ کرنے کی ہدایات جاری کردی تھیں۔
پیسکو کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ انجینئر کاشف فرحان اور چند دیگر افسران نے پشاور ہائیکورٹ میں حکومتی نوٹیفکیشن کے خلاف رٹ پٹیشن دائر کر دی جس کی سنوائی آج جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال صاحب کی عدالت میں ہوئی۔
درخواست گزاروں کے وکیل جناب جواد صاحب نے معزز عدالت کو بتایا کہ یہ بجلی دراصل ان افسران کو مفت نہیں ملتی بلکہ یہ ان کی تنخواہ کا حصہ ہے اور یہ ان کی ٹیکس ایبل آمدنی میں شمار کیا جاتا ہے۔
وکیل نے مزید بتایا کہ ان کی ملازمت آفر کے ٹرم اینڈ کنڈیشن میں شامل ہے لہٰذا ایک نگران حکومت کا یہ اختیار نہیں ہے کہ وہ ایسے مستقل فیصلے کر سکے جو کہ افسران یا ملازمین کے جائز حقوق پر ضرب لگائے۔
فاضل جج نے دلائل سننے کے بعد حکومتی فیصلے کو معطل کرتے ہوئے اگلے سال کی 25 جنوری تاریخ مقرر کر دی۔

مزید پڑھیں:  جمہوری لوگ ہیں،گورنر راج نہیں چاہتے:فیصل کریم کنڈی