10 سال نااہلی

نیب سزا یافتہ کے لیے 10 سال نااہلی کی مدت دوبارہ بحال

ویب ڈیسک: نیب سے سزا پانے والوں کی 10 سال نااہلی کی مدت دوبارہ بحال کر دی گئی۔ اس سے قبل سنگل بینچ نے نااہلی کی مدت 10 سال کے بجائے 5 سال کا فیصلہ دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اخترکیانی اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل دو رکنی بینچ نے نیب کی اپیل پر سماعت کی۔ اس دوران نیب کے سینئر سپیشل پراسیکیوٹر محمد رافع عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت جسٹس محسن اختر کیانی نے نیب پراسیکیوٹر سے سوال کیا کہ 62 ون ایچ میں نااہلی کے حوالے سے کیا لکھا ہوا ہے؟ اس پر نیب سزا یافتہ کے لیے 10 سال نااہلی کے حق میں دلائل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فائق علی جمالی کی سزا سپریم کورٹ تک برقرار رہی ہے اور نیب قانون کے مطابق نااہلی 10 سال رہے گی۔
نیب پراسکیوٹر کے دلائل سننے کےبعد اسلام آباد ہائیکوٹ نے سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے اس پر حکم امتناع جاری کرتے ہوئے نیب سزا یافتہ کے لیے 10 سال نااہلی کی مدت بحال کر دی۔
یاد رہے کہ سنگل بینچ نے نااہلی کی مدت 10 سال کے بجائے 5 سال کا فیصلہ دیا تھا جس پر جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے حکم امتناع جاری کیا۔

مزید پڑھیں:  عراقی گروہ نے اسرائیل پر ڈرون اور میزائل داغ دیے