سید ارشد حسین

میڈیکل وڈینٹل کالجز نشستوں میں اضافہ ناگزیر ہے،سید ارشد حسین

ویب ڈیسک: نگران وزیر اعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت صوبے کے سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی نشستوں میں اضافے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔
وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر ریاض انور،محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام اور صوبے کے سرکاری ونجی میڈیکل کالجز کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں کالجز کی موجودہ استعداد،سیٹوں میں اضافے کی ممکنہ استعداد اور دیگر متعلقہ پہلوؤں پرتفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔
اجلاس کو خیبر پختونخوا میں نجی اور سرکاری کالجز اور ان کی استعداد کے حوالے سے بریفنگ دی گئی.
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سرکاری و نجی دونوں شعبوں میں مجموعی طور پر 21 میڈیکل کالجز اور گیارہ ڈینٹل کالجز ہیں جن میں سالانہ نشستوں کی کل تعداد 3210 ہے۔
اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ صوبے کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں سیٹوں کی محدود تعداد کی وجہ سے ہرسال ہزاروں کوالیفائیڈ اُمیدوار داخلوں سے محروم رہ جاتے ہیں.
جس کے پیش نظر صوبے کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی موجودہ نشستوں میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیراعلیٰ سید ارشد حسین شاہ نے کہا کہ انہوں نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی نشستوں میں اضافے کا معاملہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے حکام کیساتھ اٹھایا ہے،
اور پی ایم ڈی سی نے صوبے کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی استعدادکے مطابق نشستوں میں اضافے سے اصولی اتفاق کرلیاہے.
یہ ایک سنہرا موقع ہے اور ہمیں اس موقع سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے.
لہذا تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز اس سلسلے میں اپنی اپنی استعداد اور ضروریات کے بارے میں بلاتاخیر صوبائی حکومت کو آگاہ کریں تاکہ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد معاملہ حتمی منظوری کیلئے پی ایم ڈی سی کو ارسال کیا جاسکے۔
وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ سیٹوں میں اضافے کے سلسلے میں حقیقت پسندانہ حکمت عملی اختیارکی جائے تاکہ تعلیمی و تدریسی معیار متاثر نہ ہو۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے میں پی ایم ڈی سی کے مروجہ معیارات پر کسی صورت کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔
پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کی اضافہ شدہ سیٹوں پر داخلوں میں خیبرپختونخوا کے طلباء و طالبات کو ترجیح دینے اور ان سیٹوں کا 20 فیصد حصہ سکالرشپس پر مستحق امیدواروں کیلئے مختص کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
نگران وزیر اعلیٰ نے اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا حتمی مقصد مختلف شعبوں میں زیادہ سے زیادہ قابل اور ماہر افرادی قوت تیارکرنا ہے جو خوشحال خیبرپختونخوا پروگرام کا ایک اہم جزو ہے۔
اجلاس کے شرکاء نے نشستوں میں اضافہ کے حوالے سے نگران وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ یہ وزیراعلیٰ کی بڑی کامیابی اور صوبے کے عوام کی بہت بڑی خدمت ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔

مزید پڑھیں:  پنجاب میں کسانوں کی تباہی پر حکومت سیاست کررہی ہے، بیرسٹر سیف