پشاور بار

حکومت تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے، پشاور بار

ویب ڈیسک: پشاور بار ایسوسی ایشن کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت اشفاق احمد خلیل ایڈوکیٹ نے کی جبکہ اجلاس کی کاروائی جنرل سیکرٹری افتخار حسین سمندر ایڈوکیٹ نے کی۔
اجلاس میں ضلع کچہری میں سیکورٹی غفلت کی وجہ سے فائرنگ کے واقعے کی مذمت کی گئی۔
پشاور بار ایسوسی ایشن کے پریس سیکرٹری محمد لقمان خان نے کہا کہ کابینہ نے وکلاء کے عظیم تر مفاد میں کل بروز منگل بتاریخ 9جنوری 2024 کو ضلع کچہری پشاور کی عدالتوں سے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔
اجلاس میں یہ نکتہ اُٹھایا گیا کہ حکومتی اداروں کی جانب سے سیکورٹی اداروں کو سیاسی مقاصد اور غیرضروری کاموں میں مصروف رکھنے کی وجہ سے سیکورٹی اداروں کا اصل کام بُری طرح متاثر ہوا ہے۔
حکومتی احکامات کی وجہ سے ہائیکورٹ اور ڈسٹر کٹ کورٹس کے اردگرد ناکہ بندیاں کی گئی ہیں اور انٹری گیٹس پر پولیس اہلکار تعنیات ہیں۔
اس کے باوجود فائرنگ کا واقعہ اور اسلحہ موجودگی حکومت اور سیکورٹی اداروں کی غیرسنجیدہ رویہ کی غماز ہے۔
اس سے صاف ظاہر ہے کہ حکومت اور اداروں کی ترجیحات ہرگز سیکورٹی فراہم کرنا نہیں۔
چونکہ پشاور بار ایسوسی ایشن وکلاء ممبران، ججز، عدالتی عملہ اور عوام الناس کی جان ومال کی حفاظت میں نہایت سنجیدہ ہے اسلئے سیکورٹی اداروں اور حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اور سیکورٹی ادارے اپنے اصل مقاصد اور کام کی انجام دہی یقینی بنائیں اور وکلاء، ججز، عدالتی عملہ اور عوام الناس کی تحفظ کو یقینی بنائیں۔
آخر میں اجلاس میں آج باجوڑ میں پولیو ٹیم پر ہونیوالے دھماکے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور شہید اہلکاروں کی درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

مزید پڑھیں:  پاکستان میں قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، ویدانت پٹیل